پاکستان کو پڑا طمانچہ ۔افغانستان نے بلا لیا سفیر کو واپس

Story by  ایم فریدی | Posted by  [email protected] | Date 19-07-2021
پاکستان پر زبردست سفارتی مار
پاکستان پر زبردست سفارتی مار

 

 

آواز دی وائس :نئی دہلی

افغانستان میں طالبان کی پیشقدمی اور پاکستان کے در پردہ ایک ناپاک کھیل نے اتوار کی رات ایک بڑا موڑ لے لیا جب افغانستان نے پاکستان سے اپنے سفیر اور دیگر سفارتی عملہ کو واپس بلا لیا ہے۔

یہ قدم افغا نستان نے اسلام آباد میں سفیر کی بیٹی کے ‘اغوا’ کے بعد اٹھایا ہے۔جسے کل رات اغوا کیا گیا تھا اور اذیت کا شکار بنا کر کئی گھنٹے بعد آزاد کیا گیا تھا۔

افغانستان کی وزارت خارجہ نے ٹوئٹر پر ایک بیان میں کہا کہ ‘پاکستان میں افغان سفیر نجیب اللہ علی خیل کی بیٹی کے اغوا کے بعد افغان قیادت نے اپنے سفیر اور سینئر سفارت کاروں کو پاکستان سے واپس بلا لیا’۔

 یاد رہے کہ دو دن قبل ہی تاشقند میں افغانستان کے صدر اشرف غنی نے پاکستان کے وزیر اعظم عمران خان کی موجودگی میں یہ الزام عائد کیا تھا کہ پاکستان نے تقریبا دس ہزار دہشت گردو ںکو افغان سرحد پار کرائی ہے۔

انہوں نے پاکستان کے کردار کی تقریبا چالیس ممالک کے نمائندوں کی موجودگی میں مذمت کی تھی۔ اب سفیر کو واپس بلانے کا اعلان اس بات کا اشارہ ہے کہ آنے والے دن افغانستان اور پاکستان کے درمیان زبردست تناو اور کشیدگی پیدا کریں گے ۔

 افغان وزارت خارجہ نے بتایا کہ افغان سفارت کاروں کے سیکیورٹی تحفظات دور ہونے تک عملےکوواپس بلایا جبکہ افغانستان کا وفد جلد پاکستان کا دورہ کرکے معاملے کا جائزہ لے گا۔

 ذرائع کے مطابق حکام 16جولائی کو افغان سفیر کی بیٹی کے ساتھ پیش آئے واقعے کی تحقیقات کررہے ہیں جبکہ اس معاملے پر پاکستانی وزیراعظم عمران خان نے وزیر داخلہ شیخ رشید کو 48 گھنٹوں میں ملزمان کو گرفتار کرنے کا حکم دیا تھا۔

 حیرت کی بات یہ ہے کہ پاکستان کی راجدھانی میں سر عام اغوا کی واردات ہوئی ،جس کے لئے سیکیورٹی کو ذمہ دار ٹھہرایا جاسکتا ہے۔ مگر پاکستان کو اس میں عالمی سازش نظر آرہی ہے۔ پاکستان کے وزیر داخلہ شیخ رشید کا کہنا ہے کہ افغان سفیر کی بیٹی کو اغوا نہیں کیا گیا بلکہ یہ عالمی سازش ہے اور ہندوستانی خفیہ ایجنسی را کا ایجنڈا ہے۔

ان کا کہنا ہےکہ افغان سفیر، ان کے خاندان اور دیگر سفارتی عملے کی سیکیورٹی بڑھادی ہے، سیکرٹری خارجہ نے آج افغان سفیر سے ملاقات بھی کی اور افغان سفیر کو معاملے پر حکومتی اقدامات سے آگاہ کیا، سیکرٹری خارجہ نے افغان سفیرکو مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی ہے۔

جیو نیوز کے پروگرام ’نیا پاکستان‘ میں گفتگو کرتے ہوئے شیخ رشید کا کہنا تھاکہ افغان سفیر کی بیٹی نے پہلےکہا کہ موبائل فون لے گئے پھر فون دے دیا لیکن ڈیٹا ڈیلیٹ کرکے دیا، سی سی ٹی وی ویڈیو دیکھی ہے جس میں 2 نہیں تین ٹیکسیاں تھیں، لڑکی نے دامن کوہ سے تیسری ٹیکسی لی لیکن گھر نہیں گئی۔

انہوں نے کہا کہ تین سی سی ٹی وی ویڈیو ہیں چوتھی ویڈیو کی تلاش ہے، لڑکی گھر سے پیدل نکلی کھڈا مارکیٹ سے آکر ٹیکسی لی، ویڈیو ہے جس کے مطابق لڑکی کھڈامارکیٹ سے ٹیکسی میں دامن کوہ گئی اور ویڈیوکے مطابق لڑکی دامن کوہ سےراولپنڈی گئی جہاں سے لڑکی نےتیسری ٹیکسی لی۔