افغانستان : لاکھوں افراد ملک میں نقل مکانی پر مجبور، یواین ایچ سی آر

Story by  ایم فریدی | Posted by  [email protected] | Date 14-07-2021
ایل بڑا انسانی بحران
ایل بڑا انسانی بحران

 

 

کابل: افغانستان میں طالبان کے بڑھتے قدموں اور اس کے خلاف زبردست مزاحمت نے خانہ جنگی کا ماحول پیدا کردیا ہے۔ جس کے سبب اقوام متحدہ کی پناہ گزین ایجنسی یو این ایچ سی آر نے افغانستان میں منڈلاتے ہوئے انسانی بحران پر انتباہ جاری کیا ہے۔ان حالات میں افغان باشندوں نے محفوظ علاقوں کا رخ کرنا شروع کردیا ہے۔ایک بڑا بحران پھر دستک دے رہا ہے۔

یو این ایچ سی آر کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ امریکی انخلاء اور طالبان کی پیش قدمی کے باعث ہونے والی تکالیف سے شہری نقل مکانی بڑھ رہی ہے۔ جنوری سےاب تک 2 لاکھ 70ہزار افغان اپنے ہی ملک میں نقل مکانی پر مجبور ہوئے ہیں۔

 یو این ایچ سی آر کے مطابق افغان امن معاہدے میں ناکامی پر ملک میں اور پڑوسی ممالک کی جانب نقل مکانی بڑھے گی۔ اقوام متحدہ نےعالمی برادری سے افغان حکومت، عوام اور پڑوسی ممالک کی امداد بڑھانے کی اپیل کی ہے۔ اور کہا ہے کہ افغانستان کے لیے عالمی فلاحی امداد ضرورت سے بہت کم ہے۔ درکار 337 ملین ڈالرکی امداد کا صرف 43 فیصد حاصل کیا جا سکا ہے۔

 یو این ایچ سی آر نے کہا کہ داخلی بے گھر افغان شہریوں نے بارودی سرنگوں اور مسلح گروپوں کے بھتے کی شکایات کی ہیں۔ 2020 کے مقابلےمیں 2021 کی پہلی سہ ماہی میں شہری اموات کی تعداد 29 فیصد بڑھی ہے۔ افغانستان میں ہلاک ہونے والے بچوں اور عورتوں کا تناسب بڑھ رہا ہے۔

 یو این ایچ سی آر نے کہا کہ اقوام متحدہ اور شراکتی تنظیمیں بے گھر افغان باشندوں کو ہر قسم کی امداد فراہم کرنے کی کوشش کررہی ہیں۔ افغانستان میں عدم استحکام اور تشدد کے باعث بے گھر افراد کی تعداد 35 لاکھ ہوگئی ہے۔