افغانستان :اضافی فورسز کی ضرورت پڑی تو بھیجی جائے گی۰ بائیڈن

Story by  ایم فریدی | Posted by  [email protected] | Date 27-08-2021
امریکی صدر بائیڈن
امریکی صدر بائیڈن

 

 

واشنگٹن:امریکی صدر جو بائیڈن نے کابل ایئرپورٹ پر دہشت گرد حملے کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ اگر افغانستان میں اضافی فورسز کی ضرورت پڑی تو بھیجی جائے گی، ہم مقرر وقت تک زیادہ سے زیادہ امریکیوں کے انخلا کی کوشش کریں گے۔

جو بائیڈن نے افغانستان کی صورتحال پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حملہ کس نے کرایا، ابھی کچھ نہیں کہہ سکتے، لیکن کچھ اطلاعات ہیں، حملہ کرنے والوں کو اس کی قیمت چکانی ہوگی، ہم یہ حملہ بھولیں گے نہیں اور نہ معاف کریں گے۔

بائیڈن نے کہا کہ کابل حملے کا داعش کو جواب دیا جائے گا، جواب کب اور کس وقت دینا ہے اس کا فیصلہ امریکا کرے گا۔

خطاب میں امریکی صدر کا کہنا تھا کہ ہم حملہ کرنے والوں کا پیچھا کر کے شکار کریں گے، افغانستان میں ہلاک ہونے والے امریکی فوجی ہیرو ہیں، امریکی ہیروز نے اچھے مقصد کے لیے جان دی۔

انہوں نے کہا کہ کابل ایئرپورٹ سے انخلا کا عمل احسن طریقے سے جاری تھا، گزشتہ 12 گھنٹوں میں 7 ہزار افراد کا انخلا کیا گیا۔

ان کا کہنا تھا کہ ہم دہشت گردوں سے نہیں ڈریں گے، انخلا کا عمل جاری رہے گا، 31 اگست تک امریکی شہریوں کا انخلا مکمل کرلیں گے۔