افغانستان: طالبان کا اہم شخصیات کو وطن واپس لانے کا فیصلہ

Story by  ایم فریدی | Posted by  Shah Imran Hasan | Date 18-03-2022
 طالبان نے کیااہم شخصیات کو ملک واپس لانے کا فیصلہ
طالبان نے کیااہم شخصیات کو ملک واپس لانے کا فیصلہ

 

 

کابل:اپنی یک جماعتی حکومت کے استحکام اور اسے قانونی حیثیت دینے کی سات ماہ کی کوششوں کے بعد، طالبان نے بالآخر افغانستان کی بااثر شخصیات کے ساتھ ان کی واپسی کے لیے بات چیت کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ اس فیصلے پر اب تک ملاجلا ردعمل سامنے آیا ہے۔

ذرائع کے مطابق 16 مارچ کو طالبان نے ’افغان شخصیات کے ساتھ ان کی واپسی اور بات چیت‘ کے نام سے ایک کمیشن بنانے کا اعلان کیا۔ اس کمیشن کی سربراہی طالبان کے وزیر معدنیات شہاب الدین دلاور کر رہے ہیں اور اس کا مقصد افغانستان کی اہم شخصیات اور سابق حکومتی عہدیداروں کو واپس ملک میں لانا ہے۔

اس کمیشن کے ارکان میں طالبان کی وزارت خارجہ کے قائم مقام سربراہ امیر خان متقی، وزیر اطلاعات و ثقافت خیر اللہ خیرخواہ، فوج کے چیف آف سٹاف قاری فصیح الدین، انس حقانی اور فروغ فضیلت کے وزیر محمد خالد حنفی شامل ہیں۔

طالبان رہنماؤں نے اپنی حالیہ تقاریر میں بارہا لوگوں سے ملک واپس آنے اور افغانستان کی تعمیر نو میں حصہ لینے کا مطالبہ کیا ہے لیکن یہ وضاحت نہیں کی کہ ان کی بااثر شخصیات سے مراد کون لوگ ہیں۔ طالبان جن لوگوں کو افغانستان واپس لانے کی کوشش کر رہے ہیں وہ وہ ہیں جو طالبان کی انتقامی کارروائی کے خوف سے افغانستان سے فرار ہوئے اور مختلف ممالک میں انہوں نے پناہ حاصل کی۔

 

سابق افغان حکومت کے بہت سے سیاسی رہنما، خاص طور پر پارٹی رہنما ترکی، ایران اور وسطی ایشیائی ممالک میں مقیم ہیں۔ حالیہ مہینوں میں ان شخصیات میں سے متعدد نے طالبان کے خلاف مظاہرے شروع کیے ہیں اور خبردار کیا ہے کہ اگر طالبان ایک جامع حکومت پر رضامند نہیں ہوتے ہیں تو وہ اس مقصد کے حصول کے لیے تمام ممکنہ ذرائع استعمال کریں گے۔

سابق افغان حکومت کے وزیر خارجہ محمد حنیف اتمر نے ردعمل میں اسے اچھا اقدام قرار دیا لیکن اس کمیشن کے مینڈیٹ کی وضاحت اور سابق حکومت کی واپسی کا مطالبہ کیا۔ تاہم، سابق افغان صدر حامد کرزئی نے 17 مارچ کو فیس بک پر پوسٹ کیے گئے ایک بیان میں طالبان کے اس اقدام کا خیرمقدم کرتے ہوئے اسے افغانستان میں دیرپا امن اور استحکام کی جانب ایک موثر قدم قرار دیا۔

’مجھے امید ہے کہ یہ کمیشن بیرون ملک مقیم ہمارے کچھ ہم وطنوں کو واپس لانے کے لیے ضروری اقدامات کرے گا۔ افہام و تفہیم اور اعتماد سے، یہ افغانستان کے لوگوں کو اپنے ملک کے قومی فیصلوں میں حصہ لینے کے قابل بنائے گا۔‘ سابق صدر حامد کرزئی کے تبصرے اور طالبان کے اس اقدام کی حمایت صرف ایک ہفتہ قبل سامنے آئی ہے۔

العالم ٹی وی کو انٹرویو دیتے ہوئے انہوں نے اپنی اور افغان سپریم نیشنل مصالحتی کونسل کے سابق چیئرمین ڈاکٹر عبداللہ عبداللہ کے ملک چھوڑنے پر پابندی کی تصدیق کی تھی۔ کرزئی اور عبداللہ سات ماہ سے افغانستان میں ہیں اور گھروں میں نظر بند ہیں۔

دوسری جانب افغان حکومت کے متعدد سابق اہلکاروں نے طالبان کے اس اقدام کو رائے عامہ کو دھوکہ دینے اور عوام اور عالمی برادری کے لیے افغانستان کے حالات کو معمول پر لانے کی کوشش قرار دیا ہے۔

سابق وزیر داخلہ مسعود اندرابی نے فیس بک پر لکھا: ’طالبان، اگر وہ لوگوں پر یقین رکھتے ہیں، تو انہیں عام شہریوں کو قتل اور تشدد کرنا بند کرنا چاہیے اور ایک جامع حکومت بنانے، انتخابات کے انعقاد اور نظام کو غیر مرکزیت دینے کے لیے پہلا قدم اٹھانا چاہیے۔‘ طالبان کے گذشتہ برس اگست میں اقتدار سنبھالنے کے بعد سے افغان حکومت کے بعض سابق اہلکار حال ہی میں افغانستان واپس آئے ہیں۔

سابق افغان صدر کے دفتر کے سربراہ عبدالسلام رحیمی فروری میں کابل پہنچے اور طالبان حکام نے ان کا پرتپاک استقبال کیا۔ رحیمی کی کابل واپسی اور طالبان حکام کے ساتھ ان کی ملاقات نے شدید ردعمل کو جنم دیا۔ سابق افغان رکن پارلیمنٹ فوزیہ کوفی نے الزام عائد کیا کہ سابق ​​افغان حکومت کے خاتمے سے قبل رحیمی اور طالبان رہنماؤں کے درمیان خفیہ مواصلاتی رابطے تھے۔

تاہم، میدان وردک کی سابق میئر ظریفہ غفاری کی واپسی نے خاص طور پر افغانستان میں خواتین کے حقوق کے کارکنوں میں مزید ردعمل کو ہوا دی۔ غفاری، جنہوں نے طالبان کی حکومت کے ابتدائی دنوں میں افغانستان چھوڑنے کے بعد اس صورت حال کو اپنے اور دیگر افغان خواتین کے لیے انتہائی خطرناک قرار دیا، نے اپنی امداد تقسیم کرنے کی تصاویر پوسٹ کر کے افغانستان واپسی کا اعلان کیا۔

خواتین کے حقوق کے کارکنوں نے ظریفہ غفاری کے اس عمل کو افغان خواتین پر طالبان کی پابندیوں اور دباؤ کو بھلانے اور افغان خواتین کی معمول کی صورت حال کو عالمی برادری کی نظروں میں دکھانے کی کوشش سے تعبیر کیا۔ تاحال یہ واضح نہیں ہے کہ طالبان کمیشن نے اہم سیاسی شخصیات کو افغانستان واپس آنے کی دعوت دینے کے لیے کسی سے رابطہ کیا ہے یا نہیں۔

ادھر بی بی سی پشتو سروس نے ایک معتبر ذرائع کی حوالے سے تصدیق کی ہے کہ طالبان انٹیلی جنس نے افغانستان میں ایک نجی طلوع نیوز ٹیلی ویژن سٹیشن کے تین ملازمین کو گرفتار کر کے ’نامعلوم مقام پر منتقل کر دیا ہے۔‘

ذرائع نے بتایا کہ جمعرات کی شام تقریباً سات افراد، جو بظاہر طالبان کی انٹیلی جنس فورس تھے، کابل میں طلوع نیوز ٹی وی کے دفتر میں داخل ہوئے اور نیٹ ورک کے ڈائریکٹر خپلوک صافی، ترجمان بہرام امان اور ٹی وی نیٹ ورک کے ایک اور ملازم کو گرفتار کر لیا۔

طالبان نے ابھی تک اس خبر پر کوئی تبصرہ نہیں کیا ہے۔