بلوچستان : 700 افغان پناہ گزین پاکستان سے بے دخل

Story by  ایم فریدی | Posted by  [email protected] | Date 08-09-2021
کوئٹہ
کوئٹہ

 

 

کوئٹہ:پاکستان کے صوبہ بلوچستان میں انتظامیہ نے افغانستان سے آنے والے پناہ گزینوں کی گرفتاریاں شروع کردیں۔ حکام کے مطابق دو دنوں کے دوران 700 سے زائد افراد کو گرفتار کرکے واپس افغانستان بھیج دیا گیا۔ پاکستان سے بے دخل کیے گئے افراد میں خواتین اور بچوں کے ساتھ ساتھ افغانستان میں جنگ کے دوران زخمی ہونے والے افراد بھی شامل ہیں۔ 

ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر کوئٹہ خلیل مراد نے اردو نیوز کو بتایا کہ کوئٹہ کے مختلف علاقوں کچلاک اور بلیلی میں درجنوں افغان پناہ گزین خاندان آئے ہوئے تھے جن کے پاس قانونی سفری دستاویزات موجود نہیں تھے جس پر پولیس اور لیویز نے انہیں حراست میں لے لیا اور چمن کے راستے افغانستان ڈی پورٹ کردیا۔

چمن سرحد پر تعینات ایک سیکورٹی اہلکار نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا کہ منگل کو124افراد کو چمن سرحد سے افغانستان ڈی پورٹ کیا گیا، جبکہ دو دنوں کے دوران مجموعی طور پر526افغان باشندوں کو بے دخل کیا گیا ہے۔

ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر کوئٹہ خلیل مراد نے بتایا کہ نہ صرف کوئٹہ بلکہ لسبیلہ اور صوبے کے دیگر علاقوں کے علاوہ کراچی سے بھی حراست میں لیے گئے افغان باشندوں کو بھی ڈی پورٹ کیا گیا ہے۔ ان کی مجموعی تعداد 500 سے زائد بنتی ہے جنہیں پہلے کوئٹہ لایا گیا اور پھر یہاں سے چمن سرحد لے جاکر واپس افغانستان بھیجا گیا۔ 

چمن سرحد کے علاوہ بلوچستان کے ضلع قلعہ سیف اللہ میں پاک افغان سرحد پر واقع بادینی گیٹ کے راستے بھی 247 افغان باشندوں کو افغانستان بھیجا گیا ہے۔ ان افراد کو کوئٹہ، خضدار، لسبیلہ اور دیگر علاقوں سے قانونی و سفری دستاویزات نہ ہونے پر پکڑا گیا تھا۔

فلاحی تنظیم الخدمت فاﺅنڈیشن بلوچستان کے سینیئر نائب صدر اعجاز محبوب کے مطابق ’ہمیں ایک روز قبل سماجی رابطوں کی ویب سائٹ سے پتہ چلا تھا کہ سینکڑوں افغان پناہ گزین کوئٹہ میں بے یار و مددگار کھلے آسمان تلے رہنے پر مجبور ہیں۔

ہم نے انسانی ہمدردی کی بنیاد پر انہیں کھانا اور دیگر ضروریات فراہم کرنے کے لیے آج صبح سروے ٹیم کچلاک، سملی اور بلیلی کے علاقوں میں بھیجی تو وہاں موجود افراد نے بتایا کہ ان پناہ گزینوں کو فورسز اپنے ساتھ لے گئیں۔ ایک روز قبل ان پناہ گزینوں کی تصاویر بنانے والے کوئٹہ پریس کلب کے جنرل سیکریٹری سینیئر فوٹوگرافر بنارس خان نے بتایا کہ افغان پناہ گزینوں نے اپنا تعلق افغانستان کے صوبہ کندوز سے بتایا۔