افغان صدر اشرف غنی متحدہ عرب امارات میں

Story by  ایم فریدی | Posted by  [email protected] | Date 18-08-2021
افغان صدر اشرف غنی
افغان صدر اشرف غنی

 

 

ابو ظہبی: افغانستان  میں طالبان کی آمد کے بعد غائب ہونے والے  صدر اشرف غنی متحدہ عرب امارات (یو اے ای) میں موجود ہیں۔

 متحدہ عرب امارات کی وزارت خارجہ نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری اپنے بیان میں کہا کہ ‘وزارت خارجہ تصدیق کرتی ہے کہ متحدہ عرب امارات نے صدر اشرف غنی اور ان کے خاندان کا انسانی بنیادوں پر ملک میں خیرمقدم کیا ہے’۔

خلیج ٹائمز نے اپنی رپورٹ میں متحدہ عرب امارات کی وزارت خارجہ کے بیان کا حوالہ دیتے ہوئے اشرف غنی کی متحدہ عرب امارات میں موجودگی کی تصدیق کی۔

 دوسری جانب تاجکستان میں افغانستان کے سفارت خانے نے انٹرپول سے درخواست کی ہے کہ اشرف غنی، حمداللہ محب اور فضل محمود فضلی کو گرفتار کرلیا جائے۔

 ذرائع کے حوالے سے ٹوئٹ میں کہا گیا کہ ‘اشرف غنی، حمداللہ محب اور فضل محمود فضلی کو سرکاری خزانہ لوٹنے کے الزام میں گرفتار کرلیا جائے تاکہ فنڈ افغانستان کو واپس مل سکیں’۔

 تاجکستان میں افغانستان کے سفیر محمد ظاہر اغبار نے کہا کہ ‘آئین کے مطابق صدر کی غیرحاضری، ملک چھوڑ جانے یا موت کی صورت میں سینئر نائب صدر نگران بن جاتا ہے اور اس وقت امر اللہ صالح سرکاری طور پر قائم مقام صدر ہیں’۔