سائیکل سوار افغان :حج کے لیے سعودی عرب کیسے پہنچا؟

Story by  ایم فریدی | Posted by  [email protected] | Date 04-07-2022
سائیکل سوار افغان :حج کے لیے سعودی عرب کیسے پہنچا؟
سائیکل سوار افغان :حج کے لیے سعودی عرب کیسے پہنچا؟

 

 

ریاض:اس کو قسمت کہتے ہیں،وہ چلا تھا حج کرنے سائیکل پر۔ اس کے عزم بلند تھے۔ اسے حکومت وقت نے اس بات کی پیشکش کی تھی اگر وہ چاہیے تو  سائیکل کے بجائے ہوائی جہاز سے حج کے لیے روانہ ہوجائے لیکن اس نے ایسا کرنے سے انکار کردیا تھا۔ وہ منزل کی جانب رواں دواں  تھا اور جب منزل کچھ ہی دوری پر تھی تو کاغذی کارروائی کے سبب اسے واپس لوٹنا پڑا۔ واپسی پر بھی اس کو مایوسی کا سامنا نہیں کرنا پڑا کیونکہ اس کے بعد حکومت نے اس کو جہاز سے روانہ کردیا ۔ 

دراصل گذشتہ ماہ افغانستان کے شہر سے حج کے لیے سائیکل پر نکلنے والا شہری سعودی عرب پہنچ گیا ہے تاہم یہ سفر سائیکل کی گدی تک ہی محدود نہ رہا بلکہ جہاز کی نرم نشست تک بھی پہنچا۔

غزنی صوبے سے تعلق رکھنے والے نور محمد نامی افغان شہری مئی کے اوائل میں اس وقت سوشل میڈیا پر نمودار ہوئے جب وہ سائیکل پر مکہ کے لیے روانہ ہوئے تھے۔ سوشل میڈیا پوسٹ میں بتایا گیا تھا کہ انہوں نے پوری منصوبہ بندی کر رکھی ہے کہ چھ ہزار کلومیٹر کا سفر سائیکل پر کرتے ہوئے جولائی میں مکہ پہنچیں گے اور حج ادا کریں گے۔

ابھی نور محمد افغانستان میں ہی تھے کہ طالبان کے ایک رہنما نے انہیں ڈھونڈ کر پیشکش کی تھی کہ وہ انہیں جہاز کا ٹکٹ لے کر دیتے ہیں مگر 48 سالہ نور محمد نے انکار کرتے ہوئے کہا تھا کہ وہ یہ مقدس سفر خود کرنا چاہتے ہیں۔ تاہم انہیں معلوم نہیں تھا کہ انہیں مدد کی ضرورت پڑنے والی ہے۔ وہ تین ہفتے بعد سائیکل پر ایران تک تو پہنچ گئے تاہم وہاں پھنس کر رہ گئے کیونکہ وہاں سے انہیں عراق کا ویزہ حاصل کرنے میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔

نور محمد نے عرب نیوز کو بتایا کہ ’میرے دوستوں نے وعدہ کیا تھا کہ وہ ایران میں عراق کا ویزہ دلوا دیں گے، میں نے کویت کا ویزہ حاصل کرنے کی بھی کوشش کی تاہم کوئی فائدہ نہیں ہوا۔‘ جب انہیں احساس ہوا کہ وہ پھنس گئے ہیں تو انہوں نے اسی سکالر سے رابطہ کرنے کا فیصلہ کیا جنہوں نے ٹکٹ کی پیشکش کی تھی۔ ’میرے پاس کوئی اور راستہ نہیں تھا۔ میں نے وٹس ایپ پر شیخ حماسی سے رابطہ کیا۔

انہوں نے میرا رابطہ ایک افغان بزنس مین سے کروایا جنہوں نے میرے ایران میں قیام میں مدد دی اور واپس کابل بھجوایا۔‘ کابل پہنچنے کے بعد نور محمد کو جلد ہی حج کی تیاریوں کے لیے ہونے والے پروگرام میں شامل کر لیا گیا جہاں حکومتی حکام نے ان کی روانگی کے حوالے سے انتظامات کیے۔ مبینہ طور پر ان کی پرواز کا انتظام قائم مقام وزیر داخلہ سراج الدین حقانی نے کروایا جو کہ سینیئر طالبان رہنما انس حقامی کے قریبی ساتھی ہیں۔وزارت نے ان کے پراسس کو تیزی سے مکمل کیا تھا۔ وزارت حج اور مذہبی امور کے عہدیدار اسرارالحق کا کہنا ہے کہ ‘ان کا نام پہلی پرواز میں ڈالا گیا تھا، انہوں نے جدہ کا سفر کیا اور مکہ میں افغان حاجیوں کے ساتھ مل جائیں گے۔

نور محمد پچھلے ہفتے ان دنوں میں حج کے لیے روانگی کی تیاری کر رہے تھے، جب افغانستان میں تباہ کن زلزلہ آیا جس سے ایک ہزار ایک سو پچاس افراد ہلاک ہوئے تھے۔ نور محمد کا کہنا ہے کہ انہوں نے پہلے بھی زلزلہ متاثرین کے لیے دعائیں کیں اور مکہ پہنچ کر بھی انہیں دعاؤں میں یاد رکھیں گے۔ ’مکہ پہنچتے ہی میں دعا مانگوں گا کہ اللہ افغانوں کے تمام مسائل حل کرے۔