افغان ایر فورس کا پائلٹ طالبان کے ہاتھوں ہلاک

Story by  ایم فریدی | Posted by  [email protected] | Date 08-08-2021
نشانہ بنا پائلٹ
نشانہ بنا پائلٹ

 

 

کابل : کابل میں افغان ایئر فورس کے ایک پائلٹ کو بم دھماکے میں ہلاک کر دیا گیا ہے۔سنیچر کو ہونے والے اس دھماکے کی ذمہ داری افغان طالبان نے قبول کی ہے۔

پائلٹ حمید اللہ عظیمی اس وقت ہلاک ہو گئے جب ان کی گاڑی میں نصب بم دھماکے سے پھٹ گیا۔ فورس کے کمانڈر عبدالفتاح اسحاق زئی کے مطابق حمید اللہ عظیمی کو امریکی ساختہ بلیک ہاک اڑانے کی تربیت دی گئی تھی اور وہ گذشتہ چار برسوں سے افغان ایئر فورس میں تھے۔

انہوں نے بتایا کہ حمید اللہ عظیمی ایک سال قبل سکیورٹی خطرات کی وجہ سے اپنے خاندان کے ساتھ کابل منتقل ہو گئے تھے۔ افغان طالبان کے ترجمان ذبیح اللہ مجاہد نے بم دھماکے کی ذمہ داری قبول کرتے ہوئے ایک بیان میں کہا کہ ’یہ حملہ طالبان نے کیا ہے۔‘ برطانوی اخبار میل آن لائن نے دعویٰ کیا ہے کہ امریکی صدر جو بائیڈن نے طالبان کی پیش قدمی روکنے کے لیے بی 52 بمبار اور گن شپ طیاروں کو حملے کا حکم دیا ہے۔

خیال رہے کہ گزشتہ روز افغان طالبان نے صوبہ جوزجان کے صوبائی دارالحکومت شبرغان پر قبضہ کر لیا تھا۔

 دو دنوں میں افغان طالبان کے قبضے میں جانے والا دوسرا صوبائی دارالحکومت ہے۔ جوزجان کے ڈپٹی گورنر قادر ملیا نے خبر رساں ادارے اے ایف پی کو بتایا تھا کہ ’حکومتی افواج اور حکام کو ہوائی اڈے تک دھکیل دیا گیا ہے۔‘ شبرغان افغان جنگجو عبدالرشید دوستم کا آبائی علاقہ ہے جو گذشتہ ہفتے ترکی سے علاج کے بعد وطن لوٹے ہیں۔