پاکستان میں آسکتاہے افغان پناہ گزینوں کاسیلاب

Story by  غوث سیوانی | Posted by  [email protected] | 2 Years ago
پاکستان میں آسکتاہے افغان پناہ گزینوں کاسیلاب
پاکستان میں آسکتاہے افغان پناہ گزینوں کاسیلاب

 

 

اسلام آباد

پاکستان کے وزیرِ اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ پاکستان، افغانستان کے ہمسایہ ممالک ایران اور ازبکستان کے ساتھ مل کر افغان سیاسی تصفیے کے لیے اپنا کردار ادا کرے گا تاکہ افغانستان میں پائیدار امن آ سکے۔

عمران خان نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ اگر افغانستان میں امن قائم نہ ہوا تو اس سے نہ صرف افغانستان متاثر ہو گا بلکہ ہمسایہ ممالک کو اقتصادی اور تجارتی چیلنجز کے ساتھ ساتھ افغان پناہ گزینوں کی آمد کا چیلنج بھی درپیش ہو سکتا ہے۔ عمران خان نے ان خدشات کا اظہار ایک ایسے وقت میں کیا ہے جب افغانستان سے غیر ملکی فورسز کے انخلا کا عمل تیزی سے جاری ہے۔

دوسری جانب افغان حکومت اور طالبان کے درمیان گزشتہ سال ستمبر سے قطر کے دارالحکومت دوحہ میں جاری مذاکرات کا سلسلہ معطل ہے۔

تشدد کی کارروائیوں کی وجہ سے افغانستان کی سیکیورٹی کی صورتِ حال دن بدن بگڑتی جا رہی ہے۔ عمران خان نے پیر کو گودار میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے افغانستان کے پڑوسی ممالک پر زور دیتے ہوئے کہا تھا کہ سب کو مل کر افغان تنازعے کے سیاسی حل کے لیے کردار ادا کرنا ہو گا۔

وزیرِ اعظم کے بقول افغانستان میں اگر امن قائم نہیں ہو گا تو اس کا نقصان افغانستان کے ساتھ ساتھ پڑوسی ممالک کو بھی ہو گا۔ ان کے بقول مہاجرین کے نئے چیلنج کے ساتھ ساتھ وسط ایشیائی ریاستوں کے ساتھ تجارتی رابطوں پر بھی منفی اثر پڑے گا۔ (ایجنسی ان پٹ)