خواتین کو ڈرائیونگ کی تربیت اور کیب چلانے کی نوکری دی جائے گی

Story by  اے ٹی وی | Posted by  [email protected] | Date 16-08-2022
خواتین کو ڈرائیونگ کی تربیت اور کیب چلانے کی نوکری دی جائے گی
خواتین کو ڈرائیونگ کی تربیت اور کیب چلانے کی نوکری دی جائے گی

 

 

نئی دہلی: خواتین کو بااختیار بنانے سے متعلق ایک اہم اسکیم دہلی حکومت کے ٹرانسپورٹ ڈپارٹمنٹ نے ملک کی آزادی کی 75 ویں سالگرہ کے موقع پر شروع کی ہے۔ درحقیقت محکمہ ٹرانسپورٹ کی اس نئی اسکیم کے تحت ٹیکسی چلانے کی خواہشمند خواتین اب 23 دن اور 29 گھنٹے کی ٹریننگ لے کر کیب ڈرائیونگ میں ماہر بن سکیں گی۔

واضح رہے کہ کیب ڈرائیونگ کی تربیت مکمل ہونے کے بعد خواتین کو نہ صرف ہلکی موٹر گاڑی چلانے کا لائسنس مل جائے گا بلکہ ان کی تربیت پر سرمایہ کاری کرنے والی کمپنی انہیں نوکری بھی فراہم کرے گی۔

یہ بات قابل ذکر ہے کہ خواتین کو کیب چلانے کی تربیت پر تقریباً 9 ہزار روپے خرچ ہوں گے۔ جس کا آدھا حصہ ٹرانسپورٹ ڈیپارٹمنٹ اور ٹریننگ فراہم کرنے والی کمپنی برداشت کرے گی۔

اس ٹریننگ پروگرام کا باقاعدہ آغاز عزت مآب لیفٹیننٹ گورنر وی کے سکسینہ نے یوم آزادی کے موقع پر کیا۔ اس موقع پر مشرقی دہلی کے رکن پارلیمنٹ گوتم گمبھیر، دہلی کے چیف سکریٹری نریش کمار، ٹرانسپورٹ کمشنر آشیش کندرا کے ساتھ محکمہ ٹرانسپورٹ کے اسپیشل کمشنر او پی مشرا، جوائنٹ کمشنر نولیندر کمار سنگھ اور ڈپٹی کمشنر ونود یادو موجود تھے۔

آپ کو بتاتے چلیں کہ خواتین کو کیب ٹریننگ فراہم کرنے کا ایک خصوصی پروگرام انسٹی ٹیوٹ آف ڈرائیونگ اینڈ ٹریفک ریسرچ، سرائے کالے خان کے ماہرین کی نگرانی میں کیا گیا ہے۔ یہ تربیتی پروگرام 23 دن کا ہے۔ اس میں خواتین کو کل 29 گھنٹے کی ٹریننگ دی جائے گی۔

دو دن تک 4-4 گھنٹے کی تھیوری کلاس بھی ہوگی۔ اس کے بعد 4 دن تک روزانہ ایک گھنٹہ ڈرائیونگ سمیلیٹر پر ٹریننگ دی جائے گی، بقیہ 17 دنوں میں انسٹی ٹیوٹ کے احاطے اور مین روڈ پر ڈرائیونگ کرکے ایک گھنٹے کی پریکٹیکل ڈرائیونگ ٹریننگ دی جائے گی۔

تربیت کی تکمیل کے بعد ایک ٹیسٹ بھی لیا جائے گا اور صرف ان خواتین کو ہی لائٹ موٹر گاڑی کا لائسنس جاری کیا جائے گا جو پاس ہوں گی۔

آپ کو بتاتے چلیں کہ اس نئی اسکیم کے تحت پہلے سال میں ایک ہزار خواتین کو کیب چلانے کی تربیت دے کر روزگار فراہم کرنے کا منصوبہ ہے۔ غور طلب ہے کہ پہلے بیچ کے لیے اب تک 59 خواتین رجسٹرڈ ہو چکی ہیں۔