سعودی عرب میں خواتین پریمیئر فٹ بال لیگ کا آغاز

Story by  اے ٹی وی | Posted by  [email protected] | 1 Years ago
 سعودی عرب میں خواتین پریمیئر فٹ بال لیگ کا آغاز
سعودی عرب میں خواتین پریمیئر فٹ بال لیگ کا آغاز

 

 

ریاض: سعودی عرب میں اس وقت سپورٹس کی تاریخ رقم ہوئی جب سعودی عرب فٹ بال فیڈریشن ویمنز پریمیئر لیگ نے باضابطہ کام شروع کیا اور ریاض کے شہزادہ فیصل بن فہد سٹیڈیم کے گراؤنڈ پر النصر نے سما کو شکست دی۔ عرب نیوز کے مطابق یہ مملکت میں گزشتہ چند سالوں میں خواتین کے فٹ بال کی جانب سے اٹھایا گیا تازہ ترین قدم ہے۔

پچھلے سال ہونے والی ریجنل ویمنز فٹ بال لیگ اس سلسلے کی ایک بڑی کامیابی تھی جس میں 16 ٹیموں کے 400 سے زائد کھلاڑیوں کا خیرمقدم کیا گیا۔ سعودی عرب فٹ بال فیڈریشن نے تب سے پریمیئر لیگ اور فرسٹ ڈویژن لیگ شروع کرنے کے لیے مقابلے کی تنظیم نو کی ہے۔

نئے ڈھانچے نے مردوں کے روایتی سعودی پرو لیگ کلبوں جن میں ایشین چیمپئنز لیگ کے چیمپئن الہلال کے علاوہ النصر، الاحلی، الاتحاد اور الشباب شامل ہیں، کو بھی اعلیٰ درجے کی لیگ میں شامل ہونے کی طرف راغب کیا ہے۔

نئی شروع ہونے والی لیگ نے نہ صرف مقامی طور پر توجہ حاصل کی ہے بلکہ اس نے پورے خطے اور باقی دنیا سے باصلاحیت کھلاڑیوں کی آمد کا خیرمقدم کیا ہے۔ تقریباً 1.43 بلین ریال کے تاریخی انعامی پول کے ساتھ پریمیئر لیگ میں 56 میچوں کے لیے اگلے 14 ہفتوں کے دوران آٹھ ٹیمیں ہوم اینڈ اوے کی بنیاد پر مقابلہ کرتی نظر آئیں گی۔

دریں اثنا 11 نومبر کو شروع ہونے والی فرسٹ ڈویژن لیگ، مملکت بھر سے 17 ٹیموں کی میزبانی کرے گی جو تقریباً چھ لاکھ 60 ہزار ریال کے انعامی پول کے ساتھ مقابلہ کریں گی اور چیمپئن کو پریمیئر لیگ میں ترقی دی جائے گی۔ قومی ٹیم نے پچھلے مہینے بھوٹان کے خلاف اپنے پہلے ہوم گراؤنڈ میچوں میں حصہ لیا تھا۔ پہلے میچ میں میزبان ٹیم کو ہاف ٹائم میں 3-1 کے خسارے کا سامنا تھا تاہم میچ ختم ہونے سے 15 منٹ قبل سعودی عرب کی جا نب سے بندری المبارک اور نورا ابراہم نے گول کر کے مقابلہ 3-3 سے برابر کر دیا تھا۔

دوسرا میچ بھی چھ گول کا سنسنی خیز تھا جس میں مہمان ٹیم نے 4-2 سے فتح حاصل کی۔ جرمن ہیڈ کوچ مونیکا سٹاب کی قیادت میں سعودی ٹیم نے اس سال کے آغاز میں سیشلز اور مالدیپ کے خلاف دو فتوحات کے ساتھ اپنا بین الاقوامی آغاز کیا۔ نچلی سطح پر ہونے والی سرمایہ کاری نے 6 سے 17 سال کی سیکڑوں لڑکیوں کا استقبال کرنے والے تین علاقائی تربیتی مراکز کا آغاز بھی دیکھا ہے۔

اس کے علاوہ نئی شروع کی گئی 2022 گرلز سکولز لیگ نے مملکت بھر میں ایک ہزار 906 سکولوں میں چار ہزار 768 ٹیموں کی نمائندگی کرنے والے تقریباً 50 ہزار رجسٹر کرنے والوں کا خیرمقدم کیا ہے۔ سعودی عرب فٹ بال فیڈریشن نے مجموعی طور پر 40 ڈی لائسنس کوچنگ کورسز فراہم کیے، اس عمل میں 857 اساتذہ کی تصدیق کی۔ سعودی عرب فٹ بال فیڈریشن نے 544 اساتذہ کو 15 وسیع کورسز کے ذریعے میچوں کی نگرانی کے لیے بھی تیار کیا۔ خواتین کے کھیل میں سعودی عرب کی سرمایہ کاری علاقائی ٹورنامنٹس کے انعقاد تک بھی پھیلی ہوئی ہے۔

اس نے حال ہی میں جدہ میں ویسٹ ایشین فٹ بال فیڈریشن کی تیسری خواتین کی فٹسال چیمپئن شپ کا انعقاد کیا جس میں میزبان ٹیم نے چاندی کا تمغہ حاصل کیا۔ سعودی عرب فٹ بال فیڈریشن نے 2026 میں خواتین کے ایشین فٹ بال کنفیڈریشن کپ کی میزبانی کرنے کے لیے بولی دینے کے ارادے کا بھی اعلان کیا ہے۔