شریعہ منظور: سینئر نیشنل باکسنگ چیمپئن شپ میں پہلی کشمیری خاتون

Story by  ایم فریدی | Posted by  [email protected] | Date 04-01-2023
شریعہ منظور: سینئر نیشنل باکسنگ چیمپئن شپ میں پہلی کشمیری خاتون
شریعہ منظور: سینئر نیشنل باکسنگ چیمپئن شپ میں پہلی کشمیری خاتون

 

 

پلوامہ: جنوبی کشمیر کے پلوامہ ضلع سے تعلق رکھنے والی ایک نوجوان خاتون باکسر بھوپال میں منعقدہ سینئر باکسنگ میں حصہ لینے والی پہلی کشمیری خاتون بن گئیں۔

کاکا پورہ کے گاؤں نہاما کی رہائشی شریعہ منظور (21)، جو گورنمنٹ ڈگری کالج پلوامہ میں گریجویشن  کر رہی ہیں، وہ پری کوارٹر فائنل میں پہنچ گئی تھیں جہاں وہ عالمی چیمپئن رہی باکسر سے ہار گئیں۔

باکسنگ ایک اولمپک کھیل ہے جو کشمیر میں بہت کم کھیلا جاتا ہے اور اس میدان میں سینئر سطح تک پہنچنا بڑی بات سمجھی جاتی ہے۔ شریعہ منظور نے کہا کہ اگر کشمیر میں ایسا انفراسٹرکچر ہوتا تو وہ بہتر کارکردگی دکھا سکتی تھیں کیونکہ کھلاڑیوں کو باکسنگ میں پریکٹس کے لیے ضروری ساز سامان خود خریدنا پڑتے ہیں۔

شریعہ منظور کا ماننا ہے کہ وہ اس میدان میں کمال کر سکتی ہیں۔ اگر محکمہ کھیل اور کھیل برادری ان کا ساتھ دیں۔

اگرچہ شریعہ منظور نے پری کوارٹر میں کامیابی نہیں حاصل کی  لیکن ان کی بہادری اور تکنیک کو سب نے سراہا۔

شریعہ نے کہا کہ نیشنل چیمپئن شپ میں پری کوارٹر تک پہنچنے والی پہلی خاتون بننا کوئی چھوٹی بات نہیں ہے لیکن میں یہاں رکنا نہیں چاہتی کیونکہ میں مزید بڑے مراحل میں مقابلہ کرنا چاہتی ہوں اور اپنی صلاحیتوں کو ثابت کرنا چاہتی ہوں۔

انہوں نے کہا کہ کشمیری خواتین بہت باصلاحیت ہیں اور کسی بھی شعبے میں کمال کر سکتی ہیں اگر ان کی بھرپور حمایت کی جائے۔

انہوں نے کہا کہ انفراسٹرکچر کی کمی درجنوں نوجوانوں خصوصاً لڑکیوں کے لیے رکاوٹ بن رہی ہے جو مارشل آرٹس اور دیگر کھیلوں میں دلچسپی رکھتی ہیں لیکن کسی اور شعبے کا انتخاب کرنے پر مجبور ہیں۔

انہوں نے کہا کہ میرا خواب انٹرنیشنل اسٹیج تک پہنچنا اور میگا ایونٹس میں اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کرنا ہے لیکن مجھے حکومت سے سپورٹ چاہیے تاکہ میں میگا اسٹیج پر اپنی صلاحیتوں کو ثابت کر سکوں۔

انہوں نے کہا کہ وہ پلوامہ کی لائنز ڈین اکیڈمی میں سخت مشق کر رہی ہیں اور وہ پر امید ہیں کہ وہ میگا انٹرنیشنل ایونٹس میں شرکت کر کے اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کر سکیں گی۔ قابل ذکر بات یہ ہے کہ شریعہ نے مختلف مقابلوں میں قومی سطح پر چھ تمغے جیتے ہیں۔