رائچور :16 گولڈ میڈلز کا ریکارڈ ۔ 'بشریٰ متین' کے نام

Story by  ایم فریدی | Posted by  [email protected] | Date 06-03-2022
رائچور :16 گولڈ میڈلز کا ریکارڈ ۔ 'بشریٰ متین'  کے نام
رائچور :16 گولڈ میڈلز کا ریکارڈ ۔ 'بشریٰ متین' کے نام

 

 

رائچور : رائچور کی وشویشوریا ٹیکنیکل یونیورسٹی (وی ٹی یو ) کے ایس ایل این کالج ، بی ای سول شعبہ کی طالبہ بشریٰ متین نے سب سے زیادہ 16گولڈ میڈل حاصل کرتےہوئے یونیورسٹی کی تاریخ میں ایک نیا ریکارڈ بنایا ہے۔یونیورسٹی کے چانسلر پروفیسر کری سِدپا نے بتایا کہ ابھی تک 13گولڈ میڈل حاصل کئےجانے کا ریکارڈ تھا مگر اس بار بشریٰ متین نے 16 گولڈ میڈل حاصل کرتے ہوئے نیا ریکارڈ قائم کیا ہے۔ یونیورسٹی چانسلر نے بتایا کہ اس مرتبہ کے کانویکیشن میں گولڈ میڈل حاصل کرنے والے طلبا میں لڑکیاں زیادہ ہیں ۔

یاد رہے کہ یونیورسٹی میں ابھی تک کا ریکارڈ13گولڈ میڈل کا تھا۔

جبکہ 16 گولڈ میڈل حاصل کرنےوالی بشریٰ متین کے والد شیخ ظہیر الدین اور والدہ شبانہ پروین نے بتایا کہ وہ بچپن سے ہی ہونہار، ذہین تھی اور آج اللہ نے انہیں بہترین کامیابی عطاکی ہے جس پر ہم اللہ کا شکر ادا کرتےہیں۔ بشریٰ متین نے ایس ایس ایل سی میں 94.72فی صد، پی یو سی میں 93.33فی صد اور اب بی سی سول میں 9.47گریڈ کے ساتھ کامیابی حاصل کی ہیں۔ فی الوقت وہ یو پی ایس سی امتحانات کی تیاری میں مصروف ہیں۔

 پریس کانفرنس میں یونیورسٹی کانویکیشن کے متعلق جانکاری دیتےہوئے یونیورسٹی کے چانسلر پروفیسر کری سِدپا نے بتایا کہ 10 مارچ کو منعقدہ پروگرام میں ریاستی گورنر تھاور چندگہلوت صدارت کریں گے۔

لوک سبھا کے اسپیکر اوم برلا کانویکیشن سے خطاب کریں گے اور ریاستی وزیر برائے اعلیٰ تعلیم ڈاکٹر سی این اشوتھ نارائن مہمان خصوصی کے طورپر شریک ہونگے۔

 سائنس اور ٹکنیکل میدان میں کارہائےنمایاں انجام دینے والے تین ماہر شخصیات کو ڈاکٹر آف سائنس کی اعزازی ڈگری تفویض کی جائے گی۔

انفوسس کے معاون بانی کریس گوپال کرشنا، حیدرآباد کے بھارت بایوٹک کے مینجر ڈائرکٹر اور صدر ڈاکٹر کرشنا یلا اور بنگلورو سائنس ادارے (آئی آئی ایس سی ) کے ہائی انرجی فزیکل سائنس شعبہ کی پروفیسر روہنی گوڈبولے کو اعزازی ڈگری تفویض کی جائے گی۔