مسجد الحرام : پہلی بار خاتون سیکیورٹی افسرتعینات

Story by  ایم فریدی | Posted by  [email protected] | Date 21-04-2021
مسجد الحرام: خاتون سیکیورٹی افسران کی تعیناتی
مسجد الحرام: خاتون سیکیورٹی افسران کی تعیناتی

 

 

 منصور الدین فریدی ۔ نئی دہلی 

سعودی عرب میں ایک بڑا سماجی انقلاب برپا ہے،خواتین کے لئے حقوق کی سوغات کا سلسلہ جاری ہے۔ سعودی عرب کی خواتین کو اب ہرشعبہ زندگی میں سرگرم پایا جارہا ہے۔جو خواتین ابتک کار چلانے سے محروم تھیں اب جہازاڑا رہی ہیں۔کل ایک اور بڑی تبدیلی نظر آئی جب سعودی عرب میں پہلی بار حج اور عمرے کے دوران مسجد الحرام میں سیکیورٹی کے انتظامات کے لئے خاتون پولیس کو تعینات کیا گیا ہے۔ سعودی حکومت نے مسجد الحرام میں آنے والی خواتین کی چیکنگ اور نگرانی کے لئے خواتین پولیس کی تعیناتی کا فیصلہ کیا گیا تھا جس پر اب عمل درآمد شروع ہوگیا ہے۔سوشل میڈیاپر وردی پوش خواتین کی تصاویر کی دھوم مچی ہے۔ جن میں ان خواتی افسران کو انتہائی سنجیدگی کے ساتھ ڈیوٹی انجام دیتے ہوئے دکھایا گیا ہے۔

ٹوئٹر پر سعودی وزارت داخلہ نے خاتون سیکیورٹی افسر کی حرم شریف میں ذمہ داریاں نبھاتے ہوئے تصاویر شیئر کیں اور کیپشن میں لکھا کہ حج وعمرہ کے دوران سیکیورٹی کے فرائض خواتین پولیس بھی انجام دے رہی ہیں۔ کورونا وبا کے دوران خواتین نمازیوں اور معتمرین سے ایس او پیز پر عمل درآمد کرانا مرد اہلکاروں کے لئے مشکل ہو رہا تھا جس پر وردی پوش خواتین کو تعینات کیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ خواتین زائرین کی سیکیورٹی اور احتیاطی اقدامات کی ذمہ داری بھی انہی وفدی پوش خواتین پر ہوگی۔

awazurdu

واضح رہے کہ سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کے وژن 2023 کے تحت مملکت میں خواتین کو خودمختار بنانے کی پالیسی پر عمل کیا جا رہا ہے جب کہ سیکیورٹی کے شعبے کے لئے بھی خواتین کو تربیت دی جا رہی ہے۔ یہ ایک نیا سعودی عرب ہے جو قدامت پسندی کی زنجیروں کو توڑ رہا ہے جس کی کئی حلقوں میں مخالفت بھی ہورہی ہے اور حمایت بھی۔مگر اس وقت سعودی عرب کی خواتین کے لئے تمام دروازے کھل گئے ہیں،انہیں اپنی اہلیت اور قابلیت کے جوہر دکھانے کے بہترین مواقع مل رہے ہیں۔ مسجد حرام میں خاتون پولیس افسران کی موجودگی اس بات کا پیغام ہے کہ اب سعودی عرب کی خواتین کے لئے مردوں کے ساتھ کندھے سے کندھا ملا کر چلنے کا راستہ کھل چکا ہے۔ ایک مثبت تبدیلی جس کی دنیا خیر مقدم کررہی ہے۔