مسجد الحرام:زائرین کی رہنمائی کے لیے مختلف زبانوں کی ماہر خواتین تعینات

Story by  اے ٹی وی | Posted by  [email protected] | 1 Years ago
مسجد الحرام:زائرین کی رہنمائی کے لیے مختلف زبانوں کی ماہر خواتین تعینات
مسجد الحرام:زائرین کی رہنمائی کے لیے مختلف زبانوں کی ماہر خواتین تعینات

 

 

ریاض: سعودی عرب میں ادارہ امورحرمین شریفین کی جانب سے زائرخواتین کےلیے ترجمے سمیت دیگرسہولتوں کی فراہمی کا سلسلہ جاری ہے۔ سبق نیوز کے مطابق ادارہ امورحرمین شریفین کے شعبہ نسواں کی جانب سے زائرخواتین کےلیے فراہم کی جانے والی ترجمہ کی سہولت کو مزید بہتربناتے ہوئے مسجد الحرام کے مختلف مقامات پر مختلف زبانوں کی ماہرخواتین کو تعینات کیا گیا ہے تاکہ وہ زائرخواتین کی براہ راست رہنمائی اور انہیں اہم معلومات فراہم کرسکیں۔

ادارہ امورحرمین کی جانب سے زائرخواتین کے لیے مخصوص مقامات پر اس امرکا بھی خصوصی اہتمام کیا گیا ہے کہ آنے والی خواتین کو جمعے کے دن خاص کرخطبہ جمعہ اورعام دنوں میں مسنون دعاوں کا ترجمہ اپنی زبان میں سننے کےلیے 500 ڈیجیٹل مائیکروفون فراہم کیے ہیں جو خواتین میں تقسیم کیے جاتے ہیں۔

ڈیجیٹل مائیکروفون کی مہم کو ’آپ کی زبان میں‘ کا عنوان دیا گیا ہے جس کے تحت 5 زبانوں میں ترجمے کی سہولت فراہم کی جاتی ہے۔ برطانیہ سے آنے والی ایک زائرخاتون علیا محمد نے مسجد الحرام میں فراہم کی جانے والی خدمات کوسراہتے ہوئے کہا’ بے حد ممنون وشکرگزار ہوں ان خواتین کی جنہوں نے ترجمہ کی سہولت فراہم کی۔ ڈیجیٹل مائیکروفون سے مستفیض ہوتے ہوئے میں نے انگلش میں مکمل جمعہ کے خطبے کا ترجمہ سنا جو بے حد اچھا لگا، حرمین کی انتظامیہ مثالی کام کررہی ہے ان خدمات کی فراہمی پرہم انکے لیے دعا گو ہیں‘

انڈیا سے آنے والی عائشہ کا کہنا تھا کہ’ چند برس قبل جب مسجد ا لحرام آئی تھی تو اتنی سہولتیں نہیں تھیں جو اب ہیں، آج جو سہولتیں فراہم کی جارہی ہیں وہ متاثر کن ہیں۔ خاص کرترجمہ کی سہولت جن میں اہم ترین ترجمہ والے قرآن کریم اورجمعہ کے خطبے کے علاوہ فراہم کی جانے والی مترجم خواتین کی خدمات بہتر ہیں۔‘ نائیجریا اورانڈونیشیا سے آنے والی خواتین نے بھی فراہم کی جانے والی ترجمہ کی سہولت کوسراہا۔