لکھنو:عنبرمسجدمیں خواتین کے لئے خصوصی انتظام کیا جارہاہے

Story by  غوث سیوانی | Posted by  [email protected] | Date 15-02-2022
لکھنو:عنبرمسجدمیں خواتین کے لئے خصوصی انتظام کیا جارہاہے
لکھنو:عنبرمسجدمیں خواتین کے لئے خصوصی انتظام کیا جارہاہے

 

 

لکھنؤ: لکھنؤ کی عنبر مسجد میں اب خواتین کے لیے بھی الگ قطاریں ہوںگی اور اس پروجیکٹ کی سربراہی آل انڈیا مسلم ویمن پرسنل لا بورڈ کی چیئرپرسن شائستہ عنبرکی کوشش سے ہورہاہے۔ یہ مسجد شائستہ عنبر نے 1997 میں قائم کی تھی۔

شائستہ عنبر نے کہا، ’’اب تک خواتین کو عارضی انتظامات پر چھت کے نیچے اور احاطے میں خیموں کے پیچھے نمازپڑھنی پڑتی تھی۔ خواتین کے لیے مجوزہ علیحدہ ہال ایک منزلہ ڈھانچہ ہوگا، جسے 3 لاکھ روپے سے زائد کی لاگت سے تعمیر کیا جائے گا۔ جس کے لیے رقم بھی مانگی جا رہی ہے۔

شائستہ عنبر نے کہا- میں نے ایس جی پی جی آئی میں تین منزلہ مسجد بنائی لیکن خواتین نمازیوں کو باہر بارش اور دھوپ میں عارضی احاطہ میں نماز ادا کرنی پڑی۔ مجھے امید ہے کہ رمضان تک، جو اپریل میں ہے، ہمارے پاس خواتین کے لیے ایک مناسب ہال ہوگا جہاں وہ نہ صرف نماز ادا کریں گی بلکہ تراویح، حدیث، خطبہ، جمعہ کا خطبہ اور دیگر مذہبی تقریبات میں بھی شرکت کریں گی۔

نماز کے علاوہ خواتین کے لیے خصوصی پروگرام بھی اس مقام پر منعقد کرنے کی تجویز ہے۔ کرناٹک حجاب تنازعہ پر بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ مسلم خواتین کی کامیابی میں ہیڈ اسکارف کوئی رکاوٹ نہیں ہے۔ انہوں نے کہا، ’’کپڑے کا ایک ٹکڑا خواتین کی کامیابی میں رکاوٹ کے طور پر دیکھا جاتا ہے۔

تاہم، اگر کالج کے پاس کوئی ڈریس کوڈ ہے جس پر تمام طلبہ کو عمل کرنا ہوگا، تو مسلم طلبہ کو تعاون کرنا چاہیے۔ اگر نہیں، تو یہ سب ایک سوچی سمجھی اور سیاسی سازش کا حصہ ہے، جس میں طلباء کو سیاسی فائدے کے لیے اکسایا گیا ہے۔"

عنبرمسجد میں شیعہ اور سنی مل کر نماز اداکرتے ہیں۔ یہاں شیعہ سنی اتحاد کے پیچھے دو خواتین کا بڑا ہاتھ ہے۔ شائستہ عنبر کا کہنا ہے کہ انہوں نے مسجد بنانے کے لیے زیورات بیچ کر زمین خریدی۔

اس مسجد کے مین گیٹ پر سنگ مرمر پر بڑے حروف میں لکھا ہے کہ یہاں تمام مذاہب کے لوگ نماز پڑھ سکتے ہیں۔ آج یہاں ایک سو سے زائد شیعہ سنی اکٹھے نماز پڑھتے ہیں۔

ان کی افطاری کا انتظام شائستہ عنبر خود کرتی ہیں۔ شائستہ عنبر کا کہنا ہے کہ علاقے میں مسجد نہ ہونے کی وجہ سے یہاں کے شیعہ اور سنیوں کو نماز کے لیے دور دراز علاقوں میں جانا پڑتا تھا۔

اس لیے انھوں نے اس شرط پر مسجد بنوائی کہ یہاں سب مل کر اللہ کی عبادت کریں گے۔

عنبر مسجد کا افتتاح مولانا علی میاں نے 2 فروری 1997 کو کیا تھا۔ شائستہ کے مطابق سولر پینلز سے لیس اس مسجد میں میلاد شریف کے ساتھ شہدائے کربلا کا بھی ذکربھی کیا جاتا ہے۔ 15 اگست اور 26 جنوری کو مسجد کے کیمپس میں پرچم کشائی بھی ہوتی ہے۔