طالبات کے درمیان آوازِخواتین کا کوئز مقابلہ

Story by  اے ٹی وی | Posted by  [email protected] | Date 27-08-2022
طالبات کے درمیان آوازِخواتین کا کوئز مقابلہ
طالبات کے درمیان آوازِخواتین کا کوئز مقابلہ

 

 

نئی دہلی:ہم پڑھنا چاہتے ہیں، ہم اپنی زندگی میں آگے بڑھنا چاہتے ہیں۔ ہم زندگی بھر کسی پر انحصار نہیں کرنا چاہتے۔ یہ باتیں گارڈن پبلک اسکول، جسولا،نئی دہلی کی طالبات نے کہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ تعلیم کے بغیر زندگی ادھوری ہے۔ اس لیے ہم پڑھنا چاہتے ہیں۔ اپنے مستقبل کے لیے نئے آسمان کی تلاش کرنےوالی ان لڑکیوں نے کوئز مقابلے میں حصہ لیا۔

آوازخواتین نے آزادی کے امرت مہوتسو کے موقع پر گارڈن پبلک اسکول میں کوئز مقابلے کا انعقاد کیا۔ مقابلے کا مقصد طالبات کو ان مسلم خواتین کے بارے میں آگاہ کرنا تھا جنہوں نے جدوجہد آزادی میں حصہ لیا۔ مقابلے میں اسکول کی 15 طالبات نے ٹاپ پوزیشن حاصل کیا۔

ان طالبات نے مقابلے میں پوچھے گئے تمام سوالات کے درست جوابات دیئے۔ اس موقع پر طلبہ سے خطاب کرتے ہوئے آواز خواتین کی ڈائرکٹر مسز رتنا شکلا آنند نے کہا کہ لڑکیوں کی تعلیم اس لیے بھی زیادہ ضروری ہے کہ ان پر زیادہ ذمہ داری عائد ہوتی ہے، قوم کی تعمیر میں ان کا کردار بڑا ہوتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ جب ایک لڑکی پڑھتی ہے تو وہ پورے خاندان کو پڑھاتی ہے۔ ڈائریکٹر نے طالبات سے کہا کہ اگر لڑکی ذہین اور باشعور ہو جائے تو وہ اپنی آنے والی نسل کو بہتر راستہ دکھا سکے گی۔

آوازخواتین کی ڈائریکٹر نے اس بات پر زور دیا کہ آپ مستقبل کے لیے منصوبہ بندی کریں۔

اس موقع پر موجود گارڈن پبلک سکول کے پرنسپل احتشام الدین نے اپنے خطاب میں کہا کہ اگر کوئی طالب علم اپنی زندگی میں کچھ بننا چاہتا ہے تو اسے پہلے یہ فیصلہ کرنا ہوگا کہ کیا نہیں کرنا چاہیے۔ موبائل ہو، ٹی وی ہو یا کوئی دوست، جو آپ کا وقت ضائع کر رہا ہے آپ کے کسی کام کا نہیں۔ انہیں فوراً چھوڑ دیں۔

انہوں نے کہا کہ اگر آپ نے فیصلہ کرلیا ہے کہ کیا نہیں کرنا ہے تو کیا کرنا ہے خود بخود فیصلہ ہوجائے گا۔ اس کے بعد آپ کو زندگی میں آگے بڑھنے سے کوئی نہیں روک سکے گا۔ پروگرام کے موقع پر گارڈن پبلک اسکول کی وائس پرنسپل رخشاں شفیع، اساتذہ سنبل صدیقی، انوشہ، یاسمین رحمان کے علاوہ دیگر بھی موجود تھے۔