پہلگام کے ہیرو شہید عادل حسین شاہ کو حکومت کا بڑا اعزاز

Story by  ATV | Posted by  [email protected] | Date 24-05-2026
پہلگام کے ہیرو شہید عادل حسین شاہ کو حکومت کا بڑا اعزاز
پہلگام کے ہیرو شہید عادل حسین شاہ کو حکومت کا بڑا اعزاز

 



گوہاٹی:کشمیر کو دنیا کی جنت کہا جاتا ہے۔ جس طرح یہاں کی قدرتی خوبصورتی ہر انسان کو اپنی طرف کھینچتی ہے اسی طرح دہشت گردی کا سیاہ دھواں کبھی کبھی پوری وادی کو اپنی لپیٹ میں لے لیتا ہے۔ مگر ایسے ماحول میں بھی بعض واقعات ایسے سامنے آتے ہیں جو پوری دنیا کو روشنی کا راستہ دکھاتے ہیں۔ ایسی ہی ایک مدھم مگر روشن کرن کا نام عادل حسین شاہ ہے۔

پہلگام کے ایک معمولی گھوڑے والے عادل حسین شاہ نے گزشتہ سال اس خوفناک دن اپنی جان خطرے میں ڈال کر سیاحوں کو بچانے کی کوشش کی تھی جس دن 26 بے گناہ ہندستانیوں کی جانیں گئی تھیں۔ اب عادل حسین شاہ صرف سرکاری کاغذوں کا نام نہیں رہے بلکہ جموں و کشمیر حکومت نے ان کی بے مثال بہادری اور عظیم قربانی کی یاد میں جنوبی کشمیر کے ایک سرکاری اسکول کو ان کے نام سے منسوب کردیا ہے۔

پہلے ’’ہاپتنار ہائی اسکول‘‘ کے نام سے معروف اس تعلیمی ادارے کا نام اب باضابطہ طور پر ’’شہید عادل میموریل ہائی اسکول‘‘ رکھ دیا گیا ہے۔ اننت ناگ ضلع میں منعقدہ تقریب میں وزیر تعلیم سکینہ ایتو موجود تھیں۔

21 اپریل 2025 پہلگام کی تاریخ کا ایک سیاہ باب تھا۔ جیش محمد کے مسلح دہشت گردوں نے پہلگام کی خوبصورت بیسرن وادی میں سیاحوں پر اندھا دھند فائرنگ کرکے پورے ملک کو ہلا کر رکھ دیا تھا۔ گھنے چیڑ کے جنگل سے اچانک نکلنے والے دہشت گردوں نے نہتے سیاحوں پر گولیاں برسائیں۔ عینی شاہدین کے مطابق دہشت گرد سیاحوں سے ان کا مذہب پوچھ رہے تھے اور خاص طور پر غیر مسلموں کو نشانہ بنا رہے تھے۔ اس حملے میں 25 سیاحوں اور 28 سالہ عادل حسین شاہ کی جان گئی۔

وادی کے دوسرے گھوڑے والوں کی طرح عادل نے اپنی جان بچانے کے لیے بھاگنے کے بجائے سیاحوں کو محفوظ مقام تک پہنچانے میں مدد کی۔ انہوں نے دہشت گردوں سے التجا کی کہ معصوم سیاحوں کو نقصان نہ پہنچایا جائے اور یاد دلایا کہ یہ لوگ کشمیریوں کے مہمان ہیں۔ مگر سنگ دل دہشت گردوں نے ان کی بات نہ سنی۔ عادل نے ہمت نہیں ہاری اور ایک حملہ آور سے بندوق چھیننے کے لیے بہادری سے لپک پڑے۔ اسی دوران کئی گولیاں ان کے سینے اور گردن میں لگیں اور وہ شہید ہوگئے۔

 یاد رہے کہ 28 سالہ عادل حسین شاہ اپنے خاندان کے واحد کفیل تھے۔ ان کے بیمار اور ضعیف والدین گھر پر تھے۔ عادل روزانہ صرف 300 روپے گھوڑا چلا کر کماتے تھے اور اسی معمولی آمدنی سے اپنے والدین کا علاج اور گھر کا خرچ چلاتے تھے۔ وہ خاندان کے سب سے بڑے بیٹے تھے۔حادثے کے بعد عادل کے والد حیدر شاہ نے آنسو بہاتے ہوئے فخر سے اپنے بیٹے کو ’’شہید‘‘ قرار دیا۔ خطرے کے وقت انسانیت کے لیے کھڑے ہونے کے ان کے جذبے نے پورے ملک کے دل جیت لیے۔ بہت سے لوگوں نے انہیں کشمیری مہمان نوازی اور فرقہ وارانہ ہم آہنگی کی زندہ علامت قرار دیا۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر تعلیم سکینہ ایتو نے کہا کہ عادل کی بہادری اور قربانی کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ بے گناہ سیاحوں کو بچانے کے لیے اپنی جان خطرے میں ڈالنے کا فیصلہ انسانیت اور شجاعت کی غیر معمولی مثال ہے۔انہوں نے کہا کہ اس دردناک رات جائے وقوع پر جانے کے بعد یہ سانحہ ہر شخص کے دل پر گہرا اثر چھوڑ گیا تھا۔ ان کے مطابق اسکول کا نام تبدیل کرنے کا بنیادی مقصد عادل کی قربانی کو خراج عقیدت پیش کرنا اور آنے والی نسلوں کو ان کی عظیم قربانی سے واقف رکھنا ہے۔

سکینہ ایتو نے جذباتی انداز میں کہا کہ والدین کے لیے یہ غم ناقابل برداشت ہے۔ انہیں نوکری دی جاسکتی ہے یا اسکول کا نام تبدیل کیا جاسکتا ہے مگر ان کے دل کا درد ختم نہیں ہوسکتا۔ انہوں نے کہا کہ یہ فیصلہ وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ کے وعدے کے مطابق کیا گیا۔ جب وزیر اعلیٰ نے خاندان سے ملاقات کی تھی تو انہوں نے وعدہ کیا تھا کہ قریبی اسکول کو عادل کے نام سے منسوب کیا جائے گا۔

سکینہ ایتو خود بھی دہشت گردی سے متاثرہ خاندان سے تعلق رکھتی ہیں۔ 1990 کی دہائی میں دہشت گردوں نے ان کے والد کو قتل کردیا تھا جس کے بعد انہیں اپنی میڈیکل تعلیم ادھوری چھوڑ کر گھر واپس آنا پڑا تاکہ وہ اپنے والد کی سیاسی وراثت کو آگے بڑھا سکیں۔عمر عبداللہ کی منتخب حکومت کی جانب سے یہ اپنی نوعیت کا پہلا فیصلہ ہے۔ اگرچہ دفعہ 370 کی منسوخی کے بعد گورنر راج کے دوران دہشت گردی کے خلاف جان قربان کرنے والوں کے نام پر تعلیمی ادارے منسوب کرنے کا سلسلہ شروع ہوا تھا۔

کابینہ کی منظوری کے بعد لیا گیا یہ فیصلہ صرف ایک اسکول کا نام بدلنے تک محدود نہیں رہا بلکہ یہ تاریخ کے دل پر سنہری حروف میں لکھی جانے والی ایک لازوال داستان بن گیا۔ عادل صرف ایک گھوڑے والے نہیں تھے بلکہ وہ کشمیری مہمان نوازی اور انسانی اقدار کی جیتی جاگتی علامت تھے۔

اس سے پہلے مہاراشٹر حکومت نے بھی عادل شاہ کے خاندان کے لیے ان کی بے مثال بہادری کے اعتراف میں ایک گھر تعمیر کرایا تھا۔ 21 اپریل کو ایک پُروقار تقریب میں اس نئے گھر کا افتتاح کیا گیا تھا۔ یہ تقریب پہلگام دہشت گرد حملے کی برسی کے موقع پر جنوبی کشمیر کے اننت ناگ ضلع کے سیاحتی مقام پہلگام میں منعقد ہوئی تھی جس میں مہاراشٹر کے کئی سینئر رہنما شریک تھے۔

جب بھی کشمیر کی سرسبز وادیوں میں ہوا چلے گی تو ’’شہید عادل میموریل ہائی اسکول‘‘ کی ہر اینٹ اور ہر کمرہ خاموشی سے ایک عام نوجوان کی غیر معمولی بہادری کی داستان سنائے گا۔ عادل حسین شاہ کی یہ عظیم قربانی آنے والی نسلوں کے دلوں میں انسانیت بے لوث خدمت اور بھائی چارے کی ناقابل فراموش شمع روشن رکھے گی۔