ورلڈ کپ : ہندوستان کی دوسری شکست۔ سیمی فائنل کی راہ کٹھن

Story by  ایم فریدی | Posted by  [email protected] | Date 31-10-2021
 ورلڈ کپ :  ہندوستان کی دوسری شکست
ورلڈ کپ : ہندوستان کی دوسری شکست

 

 

دبئی : ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں اتوار کی شب ہندوستان کے لیے ایک اور  شکست نے مداحوں کے دلوں کو توڑ دیا۔ ہندوستان کو پہلے میچ میں روایتی حریف پاکستان کے ہاتھوں دس وکٹوں سے شکست ہوئی تھی اب نیوزی لینڈ  نے آٹھ وکٹوں سے ہرا دیا۔  ٹیم انڈیا نے ایک بارپھر مایوس کیا۔ نہ بیٹنگ چلی اور نہ بولنگ۔ بالکل آوٹ کلاس نظر آئی ٹیم انڈیا۔ اس شکست نے اب ٹیم انڈیا کے آگے کے سفر پر بھی سوالیہ نشان لگا دیا ہے۔ اب ہندوستان کا سیمی فائنل میں داخل ہونا مشکل ہوگیا ہے۔ 

ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے 28ویں میچ میں نیوزی لینڈ نے بہندوستانی ٹیم کو 8 وکٹوں سے بری طرح شکست دے دی۔ ٹاس ہارنے کے بعد پہلے کھیلتے ہوئے ٹیم انڈیا کے بلے بازوں نے مایوس کیا اور 20 اوور میں 110/7 ہی اسکور کر سکے۔ رویندرا جدیجا 26 ناٹ آؤٹ کے ساتھ ٹاپ ا سکورر رہے۔ اس کے ساتھ ہی کیوی ٹیم کے ٹرینٹ بولٹ کے کھاتے میں 3 وکٹیں آئیں۔ نیوزی لینڈ نے 111 رنز کا ہدف 14.3 اوورز کے کھیل میں 2 وکٹوں کے نقصان پر باآسانی حاصل کر لیا۔

ہندوستان اب سیمی فائنل میں کیسے پہنچے گا؟

اب ٹیم انڈیا کو آنے والے تین میچوں میں جیت حاصل کرنی ہوگی۔ اگر ایسا ہوتا ہے تو ہندوستان کے 6 پوائنٹس ہو جائیں گے۔ اس صورت حال میں سیمی فائنل میں پہنچنے کے لیے ہندوستان کو دوسری ٹیموں کے درمیان ہونے والے میچوں کے نتائج پر انحصار کرنا ہوگا، خاص طور پر نیوزی لینڈ اور افغانستان کے میچ کے۔

 ہندوستان کو دعا کرنی پڑے گی کہ افغانستان کی ٹیم بھی نیوزی لینڈ کو ہرائے لیکن ہندوستان سے ہار جائے۔ ہندوستان اس کے بعد نمیبیا اور اسکاٹ لینڈ کے خلاف بڑے مارجن سے جیت کر اپنے نیٹ رنز کو نیوزی لینڈ اور افغانستان دونوں سے بہتر بنائے گا۔ اس صورتحال میں ہندوستانی ٹیم نیوزی لینڈ سے ہار کر بھی سیمی فائنل میں پہنچ سکتی ہے۔

ہندوستان کے لیے اچھی بات یہ ہے کہ اس کے آخری دو میچ سکاٹ لینڈ (5 نومبر) اور نمیبیا (8 نومبر) کے خلاف ہیں۔ دونوں ٹیموں کو کمزور سمجھا جاتا ہے اور ان کے خلاف ایک بڑی جیت کے ساتھ، ہندوستان نیٹ رن ریٹ کے لحاظ سے آگے بڑھ سکتا ہے۔

ٹارگیٹ کا تعاقب 

ہدف کے تعاقب میں کیوی ٹیم کا آغاز ناقص رہا اور چوتھے اوور میں جسپریت بمراہ نے مارٹن گپٹل کو 20 رنز پر آؤٹ کر کے ٹیم کو پہلی کامیابی دلائی۔ تاہم اس کے بعد ڈیرل مچل اور کین ولیمسن نے ہندوستان کو واپسی کا موقع نہیں دیا اور دوسری وکٹ کے لیے 54 گیندوں میں 72 رنز جوڑے۔ بمراہ نے مچل 49 کی وکٹ بھی حاصل کی۔

ہندوستانی ٹاپ آرڈر نے ہتھیار ڈال دیے

 ٹاس ہارنے کے بعد پہلے کھیلتے ہوئے ٹیم انڈیا کی شروعات خراب رہی اور تیسرے اوور میں ایشان کشن صرف (4) رنز بنانے کے بعد ٹرینٹ بولٹ کے ہاتھوں آؤٹ ہوئے۔ کشن کے آؤٹ ہونے کے بعد اگلی ہی گیند پر ایڈم ملنے نے روہت شرما کا آسان کیچ ڈراپ کر دیا۔ چھٹے اوور میں ٹم ساؤتھی نے کے ایل راہل (18) کو آؤٹ کرکے ٹیم انڈیا کو دوسرا جھٹکا لگا۔

روہت شرما بھی صفر پر ملنے والی لائف لائن کا فائدہ نہ اٹھا سکے اور ایش سودھی کی گیند پر (14) سکور کرنے کے بعد آؤٹ ہو گئے۔ سودھی نے اپنے اگلے ہی اوور میں کپتان کوہلی (9) کو آؤٹ کرکے ہندوستان کی کمر توڑ دی۔

 رشبھ پنت (12) بھی بڑی اننگز کھیلنے میں ناکام رہے اور ایڈم ملنے کے ہاتھوں بولڈ ہوگئے۔ ہندوستانی ٹیم کو ہاردک پانڈیا سے دھماکہ خیز اننگز کی توقع تھی لیکن ان کے بلے سے 24 گیندوں میں صرف 23 رنز ہی نظر آئے۔

ہندوستانی ٹیم کو ہاردک پانڈیا سے دھماکہ خیز اننگز کی توقع تھی لیکن ان کے بلے سے 24 گیندوں میں صرف 23 رنز ہی نظر آئے۔ پانڈیا کی وکٹ بولٹ کے کھاتے میں آئی۔ اسی اوور میں بولٹ نے شاردول ٹھاکر کو صفر پر آؤٹ کر دیا۔ رویندرا جدیجا نے 19 گیندوں پر 26 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی۔

پاکستان کے بعد ٹیم انڈیا کا ٹاپ آرڈر بھی نیوزی لینڈ کے سامنے ناکام ہوگیا۔ سپر 12 کے میچ میں نیوزی لینڈ نے ہندوستان کے خلاف ٹاس جیت کر پہلے بولنگ کا فیصلہ کیا۔ ٹیم انڈیا کے 4 وکٹ صرف 48 رن پر گر گئے۔ اس کے بعد ہندوستانی ٹیم کے تمام اسٹار بلے بازوں کو سوشل میڈیا پر ٹرول کیا جانے لگا۔

ہندوستانی ٹیم میں 2 تبدیلیاں

پاکستان کے خلاف شکست کے بعد ٹیم انڈیا نے پلیئنگ الیون میں دو بڑی تبدیلیاں کی ہیں۔ بھونیشور کمار کو آج ٹیم میں جگہ نہیں ملی ہے۔ ان کی جگہ شاردول ٹھاکر کو موقع دیا گیا ہے۔

اس کے ساتھ ہی شاندار فارم میں موجود ایشان کشن کو بھی پلیئنگ الیون میں جگہ ملی۔ وہ سوریہ کمار یادو کی جگہ ٹیم میں آئے ہیں۔ اس کے ساتھ ہی نیوزی لینڈ نے اپنی ٹیم میں ایک تبدیلی کی ہے۔

ٹم سیفرٹ کی جگہ ایڈم ملن آئے تھے۔ ویرات کوہلی لگاتار پانچویں بار ٹاس ہارے ہیں۔ اس کے علاوہ نیوزی لینڈ کے خلاف بین الاقوامی کرکٹ کے 21 میچوں میں کوہلی نے 17ویں بار ٹاس ہارا۔