ورلڈ کپ 1983 کے ہیرو یشپال شرما چل بسے

Story by  ایم فریدی | Posted by  [email protected] | Date 13-07-2021
نہیں رہے یشپال شرما
نہیں رہے یشپال شرما

 

 

  نئی دہلی: ہندوستان کی ورلڈ کپ فاتح ٹیم کے رکن اور آل راونڈر یشپال شرما آج چل بسے ۔ وہ 66 سال کے تھے۔ یشپال شرما نے انگلینڈ کے خلاف لارڈس کے تاریخی میدان پر 1979 میں اپنا پہلا ٹیسٹ میچ کھیلا تھا جبکہ 1983 میں انہوں نے اپنا آخری ٹیسٹ میچ کھیلا۔ یشپال شرما نے 1978 میں ونڈے کرکٹ کا آغاز کیا تھا۔1985 میں اپنا آخری ونڈے مقابلہ کھیلا۔کپل دیو کی قیادت میں ورلڈ کپ جیتنے والی ٹیم میں یشپال شرما ایک اہم رکن تھے۔

یشپال شرما کی موت نے کرکٹ کی دنیا کو سوگوار کردیا ہے،ورلڈ کپ کی فتح یاب ٹیم میں یشپال شرما کے ساتھ کھیلنے والے سابق ہندوستانی کرکٹر مدن لال نے اپنے ساتھی کھلاڑی کے انتقال پر کہا کہ وہ یقین نہیں کر پا رہے ہیں کہ یشپال نہیں رہے۔ انہوں بتایا کہ انہوں نے پنجاب سے کھیل کی شروعات کی تھی اور پھر عالمی کپ میں ایک ساتھ کھیلے۔

 مدن لال نے بتایا کہ کپل دیو اور ٹیم کے دیگر ارکان سے ان کی بات ہوئی ہے، ہر کوئی اس خبر سے حیران ہے۔ یشپال شرما اپنے پیچھے اپنی اہلیہ اور تین بچوں کو چھوڑ کر گئے ہیں۔ یشپال شرما کے بچے بیرون ملک میں تعلیم حاصل کر رہے ہیں۔ یشپال شرما ہندوستانی کرکٹ ٹیم کے نیشنل سلیکٹر بھی رہ چکے ہیں۔

 سابق کرکٹر کیرتی آزاد نے یشپال کے انتقال پر کہا کہ ’’آج ہمارا کنبہ ٹوٹ گیا ہے۔ یشپال شرما نے ہی 1983 کے ورلڈ کپ کی جیت کا ایجنڈا طے کیا تھا۔ ابھی 25 جون کو ہی ان سے میری ملاقات ہوئی تھی اور اس وقت وہ کافی خوش تھے۔ وہ ہماری ٹیم کے جسمانی طور پر سب سے زیادہ صحت مند کھلاڑیوں میں سے ایک تھے۔‘‘ کیرتی آزاد کے مطابق، آج صبح وہ چہل قدمی کے بعد واپس لوٹے تو ان کے سینے میں درد ہوا، انہیں اسپتال لے جایا گیا، جہاں انہیں ان کا انتقال ہو گیا۔

انہوں نے 37 یک روزہ اور 42 ٹسٹ میں ہندوستان کی نمائندگی کی ہے۔ وہ 83-1979 تک ہندوستانی مڈل آرڈر بلے بازی کا اہم حصہ تھے۔ انہوں نے کچھ سالوں کے لئے قومی سلیکٹر کے طور پر کام کیا اور سال 2008 میں انہیں پھر سے پینل میں نامزد کیا گیا۔ 

 وہ 1983 کے ورلڈ کپ میں ہندوستان کی طرف سے سب سے زیادہ رن بنانے والے دوسرے کھلاڑی تھے۔ انہوں نے 37 ٹسٹ میچوں میں 33.45 کی اوسط سے 1606 اور 42 ونڈے میچوں میں 28.48 کی اوسط سے 883 رن بنائے۔  انٹرنیشنل کرکٹ کے علاوہ گھریلو کرکٹ میں بھی یشپال شرما نے خوب رن بنائے۔ انہوں نے 160 فرسٹ کلاس میچوں میں 44.88 کی اوسط سے 8933 رن بنائے۔ وہیں، 74 لسٹ اے میچوں میں 34.42 کی اوسط سے 1859 رن بنائے۔

صدر جمہوریہ کا اظہار تعزیت

صدر جمہوریہ رام ناتھ کووند نے سابق کرکٹر یشپالشرما کے انتقال پر تعزیت کیا۔انہوں نے کہا کہ1983 کے کرکٹ ورلڈ کپ کے اہم میچوں کے دوران ان کی نمایاں کارکردگی نے ہندوستان کی کرکٹ کی تاریخ میں سب سے بڑی فتح میں اہم کردار ادا کیا تھا۔

وزیر اعظم، نریندر مودی نے سابق ہندوستانی کرکٹر اور 1983 ورلڈ کپ جیتنے والے اسکواڈ کے فعال رکن جناب یشپال شرما جی کے انتقال پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا ہے۔ ایک ٹویٹ میں، وزیر اعظم نے کہا ، "جناب یشپال شرما جی ہندوستانی کرکٹ ٹیم کے بہت ہی اہم اور سب سے محبت کرنے والے رکن تھے، اس کے ساتھ ہی وہ عالمی کپ 1983کےلیجنڈری اسکواڈ میں بھی شامل تھے۔ وہ ٹیم کے ساتھیوں، مداحوں کے ساتھ ساتھ ابھرتے ہوئے کرکٹرز کے لئے بھی ایک حوصلہ افزا اور متحرک شخصیت تھے۔ ان کے انتقال سے غمزدہ ہوں۔ان کے اہل خانہ اور مداحوں سے گہری تعزیت کا اظہار کرتا ہوں۔ اوم شانتی۔"

 

کرکٹر اور 1983 ورلڈ کپ جیتنے والے ممبر ش یشپال شرما کے انتقال سے غمزدہ۔ مرکزی وزیر برائے اطلاعات و نشریات ا و ر اسپورٹس انوراگ ٹھاکر نے یشپال شرما کی موت پر افسو س ظاہر کیا۔انہوں نے کہا کہ یشپال شرما 1983 کے ورلڈ کپ میں ہندوستان کے دوسرے سب سے زیادہ رن بنانے والےکھلاڑی تھے۔ وہ امپائر اور قومی سلیکٹر بھی تھے۔ اس کی شراکت کو فراموش نہیں کیا جائے گا۔