آسٹریلیا ساتویں بار چیمپئن

Story by  ایم فریدی | Posted by  [email protected] | Date 04-04-2022
ویمن کرکٹ ورلڈ کپ: آسٹریلیا  ساتویں بار چیمپئن
ویمن کرکٹ ورلڈ کپ: آسٹریلیا ساتویں بار چیمپئن

 

 

کرائسٹ چرچ:آئی سی سی ویمن ورلڈ کپ کے فائنل میں آسٹریلیا نے انگلینڈ کو 71 رنز سے شکست دے دی ہے۔ اتوار کو کرائسٹ چرچ کے ہیگلے اوول میں انگلینڈ نے ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ کیا جو اس کے لیے اچھا ثابت نہیں ہوا۔ آسٹریلیا نے پانچ وکٹوں کے نقصان پر انگلینڈ کو 356 رنز کا بڑا ہدف دیا جسے انگلینڈ کی ٹیم حاصل کرنے میں ناکام رہی۔ 44 اوورز میں انگلینڈ کی پوری ٹیم 285 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئی۔

آسٹریلیا کی کپتان الیسا ہیلی نے 170 رنز کی شاندار اننگز کھیلی جو مردوں یا خواتین کے ورلڈ کپ میں سب سے زیادہ اسکور ہے۔

 ان کا کہنا تھا کہ ’یہ ناقابل یقین ہے۔ میں کبھی خواب میں بھی ایسے کھیل کے بارے میں نہیں سوچا تھا۔‘ آسٹریلیا کی ویمن کرکٹ ٹیم نے 12 ورلڈ کپ کھیلے ہیں جن میں سے اس نے سات میں فتح حاصل کی۔ گذشتہ چارسالوں کے دوران آسٹریلیا نے 39 میچز کھیلے جس میں سے 38 جیتے۔ آسٹریلین اوپنرز الیسا ہیلی اور ریچل ہینز نے اپنی ٹیم کو 160 رنز کا آغاز فراہم کر کے فتح کی بنیاد رکھی، ریچل ہینز 68 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئیں۔

الیسا ہیلی نے دھواں دار بیٹنگ کی۔ ان کی اننگز میں 26 چوکے شامل تھے۔ وہ 138 گیندوں پر 170 رنز بنا کر آؤٹ ہوئیں۔ الیسا ہیلی کو میچ کے ساتھ ساتھ ورلڈ کپ کا بھی بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔ بیتھ مونی 62 رنز بنا کر آؤٹ ہوئیں اور آسٹریلیا نے مقررہ اوورز میں پانچ وکٹوں کے نقصان پر 356 رنز بنائے جو کسی بھی ورلڈ کپ فائنل میں اب تک کا دوسرا بڑا سکور ہے۔

یہ پہلا موقع ہے کہ ویمنز ورلڈ کپ کے فائنل میں کسی ٹیم نے 300 رنز کا ہندسہ عبور کیا ہے۔ انگلینڈ کی جانب سے آنیا شربسول نے تین وکٹیں حاصل کیں۔ ہدف کے تعاقب میں ڈینی ویٹ چار، جبکہ ٹیمی بیونوٹ 26 رنز بنا کر آؤٹ ہوئیں تو انگلینڈ کی ٹیم 38 رنز پر دونوں اوپنرز سے محروم ہو چکی تھی۔

اس مرحلے پر کپتان ہیتھر نائٹ اور نیٹ سیور نے 48 رنز کی شراکت کی، لیکن 86 کے مجموعے پر انگلش کپتان کی اننگز اختتام کو پہنچی۔ نیٹ سیور نے ایک اینڈ سنبھالے رکھا اور شاندار کھیل پیش کرتے ہوئے سینچری سکور کی، لیکن دوسری جانب سے کسی بھی کھلاڑی نے ان کا ساتھ نہ دیا۔ سیور نے ناقابل شکست 148 رنز کی اننگز کھیلی، لیکن ان کی یہ باری بھی انگلینڈ کو فائنل میں 71 رنز کی شکست سے نہ بچا سکی۔ انگلینڈ کی پوری ٹیم 285 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی اور آسٹریلیا نے ساتویں مرتبہ ورلڈ چیمپیئن بننے کا اعزاز حاصل کر لیا۔