ممبئی: مشہور ہندوستانی کرکٹ اسٹار ویراٹ کوہلی نے کھیل اور کاروبار کی دنیا میں ایک نیا اور بڑا قدم اٹھاتے ہوئے اپنے لائف اسٹائل برینڈ ون ایٹ کے بارے میں اہم اعلان کیا ہے۔ ہندوستانی میڈیا کے مطابق آٹھ برس تک پُوما کے برانڈ ایمبیسڈر رہنے کے بعد ویراٹ کوہلی نے اب سپورٹس ویئر کمپنی اگیلیٹاس اسپورٹس کے ساتھ شراکت داری اختیار کی ہے۔
رپورٹس کے مطابق 37 سالہ کرکٹر نے پُوما کی 300 کروڑ ہندوستانی روپے کی پیشکش کو مسترد کرتے ہوئے اس نئے اشتراک میں خود اپنی طرف سے 40 کروڑ روپے کی سرمایہ کاری کی ہے۔ ویراٹ کوہلی نے ایکس پر ایک ویڈیو بھی شیئر کی جس میں وہ اگیلیٹاس اسپورٹس کی انتظامیہ کے ساتھ موجود ہیں اور برینڈ کے نئے سفر کے آغاز کے بارے میں گفتگو کر رہے ہیں۔
ویڈیو کے ساتھ جاری کیے گئے اپنے بیان میں کوہلی نے کہا
"آج میرے لیے ایک نئے اور پُرجوش سفر کی شروعات ہے۔ ون ایٹ اب ایک نئے باب میں داخل ہو رہا ہے جو مقصد اور عزم سے بھرپور ہے۔ مجھے یقین ہے کہ اگیلیٹاس کے ساتھ یہ اتحادی سفر مستقبل میں بڑی کامیابیوں کی بنیاد رکھے گا اور میں اس کا حصہ بننے پر بہت خوش ہوں۔"
اگیلیٹاس اسپورٹس ایک نیا سپورٹس ویئر اسٹارٹ اپ ہے جسے 2023 میں ابھشیک گنگولی نے قائم کیا تھا جو پہلے پُوما انڈیا کے منیجنگ ڈائریکٹر رہے ہیں۔ ویراٹ کوہلی کے مطابق جب گنگولی نے انہیں کمپنی کی صلاحیتوں، مضبوط مینوفیکچرنگ نیٹ ورک اور تجربہ کار ٹیم کے بارے میں بتایا تو انہیں یقین ہو گیا کہ یہ شراکت داری آگے چل کر ایک بڑی کاروباری طاقت بن سکتی ہے۔
ابھشیک گنگولی نے بھی تصدیق کی ہے کہ اس ڈیل کے بعد ویراٹ کوہلی اگیلیٹاس میں اقلیتی شیئر ہولڈر بن جائیں گے۔ ان کا کہنا ہے کہ کوہلی یہ قدم کسی مالی کمی پوری کرنے کے لیے نہیں بلکہ طویل مدتی وژن کے تحت اٹھا رہے ہیں اور مستقبل میں اس کے بڑے ثمرات کی توقع رکھتے ہیں۔
ادھر میدانِ کرکٹ میں بھی ویراٹ کوہلی نے شاندار کم بیک کیا ہے۔ جنوبی افریقہ کے خلاف حالیہ تین میچوں میں انہوں نے 302 رنز اسکور کیے جن میں دو شان دار سنچریاں شامل تھیں۔ اس بہترین کارکردگی پر انہیں سیریز کے بہترین کھلاڑی کا ایوارڈ بھی دیا گیا۔