کوہلی پھر صفر پر آؤٹ

Story by  ایم فریدی | Posted by  [email protected] | Date 24-04-2022
وراٹ کوہلی آئی پی ایل میں مسلسل دوسری مرتبہ صفر پر آؤٹ
وراٹ کوہلی آئی پی ایل میں مسلسل دوسری مرتبہ صفر پر آؤٹ

 

 

آواز دی وائس :وراٹ کوہلی کی انڈین پریمئر لیگ (آئی پی ایل) میں خراب پرفارمنس ہفتے کو بھی جاری رہی جب وہ مسلسل دوسری گولڈن ڈک پر آؤٹ ہو گئے۔ ہفتہ ان کی ٹیم رائل چیلنجرز بنگلور کو سن رائزرز حیدرآباد نے صرف 68 رنز پر ڈھیر کرنے کے بعد صرف ایک وکٹ کے نقصان پر ہدف حاصل کر لیا۔ کوہلی، جو منگل کو لکھنؤ سپر جائنٹس کے خلاف پہلی گیند پر صفر پر آؤٹ ہو گئے تھے،اس میچ کے دوسرے اوور میں بنگلور کے کپتان فاف ڈو پلیسس کے پانچ رنز پر بولڈ ہونے کے بعد کریز پر آئے۔ تاہم وہ جنوبی افریقہ کے مارکو جانسن کی تیز گیند پر دوسری سلپ میں ایڈن مارکرم کو کیچ دے بیٹھے۔

کوہلی نے اب رواں سیزن کے آٹھ میچوں میں صرف 119 رنز بنائے ہیں۔ تین گیندوں کے بعد اسی جانسن-مارکرم کی جوڑی نے اوپنر انوج راوت کو آٹھ رنز کے مجموعی سکور پر چلتا کر دیا۔ جانسن نے آج اپنے چار اوورز میں 25 رنز دے کر تین وکٹیں حاصل کیں۔

آٹھ رنز پر بنگلور کے تین بلے باز آؤٹ ہونے کے بعد باقی ٹیم سنبھلنے میں ناکام رہی اور 16.1 اوور میں اس سیزن کے سب سے کم مجموعے پر پویلین لوٹ گئی۔

یہ آئی پی ایل میں اب تک کا چھٹا سب سے کم سکور تھا۔ صرف گلین میکسویل (12) اور سویاش پربھوڈیسائی (15) ڈبل فیگر میں پہنچے۔ جواب میں حیدرآباد نے مطلوبہ ہدف آٹھ اوورز میں حاصل کر کے گجرات ٹائٹنز کے بعد ٹیبل میں دوسری پوزیشن حاصل کر لی۔ بنگلور اب بھی ٹوئنٹی 20 ٹورنامنٹ میں اپنے پہلے ٹائٹل کی تلاش میں ہے۔ بنگلور کے پاس 2017 میں کولکتہ نائٹ رائیڈرز کے خلاف 49 کا سب سے کم سکور کا شرم ناک ریکارڈ بھی ہے۔