انڈر 19 ویمن ورلڈ کپ: نیوزی لینڈ نے پاکستان کو ہرا دیا

Story by  اے ٹی وی | Posted by  [email protected] | Date 25-01-2023
انڈر 19 ویمن ورلڈ کپ: نیوزی لینڈ نے پاکستان کو 103 رنز سے ہرا دیا
انڈر 19 ویمن ورلڈ کپ: نیوزی لینڈ نے پاکستان کو 103 رنز سے ہرا دیا

 

 

ڈربن : جنوبی افریقہ میں جاری آئی سی سی انڈر 19 ویمنز ٹی20 ورلڈ کپ کے میچ میں نیوزی لینڈ نے پاکستان کو 103 رنز سے ہرا دیا۔ نیوزی لینڈ کے خلاف پاکستان کا یہ سپر سِکس راؤنڈ کا آخری میچ تھا جس میں ناکامی کے بعد ٹیم ایونٹ سے باہر ہو گئی ہے۔

منگل کے روز کھیلے گئے میچ میں پاکستان نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا جو کہ غلط ثابت ہوا۔ نیوزی لینڈ نے پہلے کھیلتے ہوئے مقررہ اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 178 رنز بنائے۔ کیویز کی جانب سے جورجیا پِلمر نے 53، ایما مکلیوڈ نے 32 اور اینا براؤننگ نے 31 رنز بنائے۔ پاکستان کی طرف سے بولنگ کرتے ہوئے انوشہ ناصر نے تین، ماہ نور آفتاب نے دو جبکہ ردا اسلم اور سیدہ عروب شاہ نے ایک ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔

ہدف کے جواب میں پاکستان کا آغاز نہایت مایوس کن رہا۔ دونوں اوپنرز شوال ذوالفقار اور ایمان فاطمہ صفر پر آؤٹ ہوگئیں۔ گرین شرٹس کی پہلی پانچ وکٹیں صرف 19 رنز پر گر گئیں جس کے بعد عریشہ نور نے 24 اور انوشہ ناصر نے 11 رنز بنائے۔ پاکستانی ٹیم مقررہ 20 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر صرف 75 رنز ہی بنا سکی۔ نیوزی لینڈ کی جانب سے نتاشا کوڈریے نے دو جبکہ اینا براؤننگ اور ٹاش ویکِلن نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔ ایونٹ میں پاکستان نے پانچ میچز کھیلے جس میں گرین شرٹس کو تین میچز میں کامیابی حاصل ہوئی۔ اس سے پہلے گرین شرٹس نے زمبابوے کو 10، روانڈا کو 8 اور آئرلینڈ کو 7 وکٹوں سے وکٹوں سے ہرایا تھا جب کہ انگلینڈ کے ہاتھوں انہیں 53 رنز سے شکست ہوگئی تھی