ٹی20 ورلڈ کپ،کس نے لگایا اب تک کا سب سے لمبا چھکا

Story by  اے ٹی وی | Posted by  [email protected] | Date 29-10-2022
ٹی20 ورلڈ کپ،کس نے لگایا اب تک کا سب سے لمبا چھکا
ٹی20 ورلڈ کپ،کس نے لگایا اب تک کا سب سے لمبا چھکا

 

 

پرتھ : آئی سی سی کے ٹی20 ورلڈ کپ میں اب تک کھیلے گئے میچز میں چند بڑے اور اونچے شاٹس دیکھے گئے ہیں۔ ٹورنامنٹ میں دنیائے کرکٹ کے بڑے ناموں نے آسٹریلیا کے میدانوں پر اپنی بہترین بلے بازی کی صلاحیتوں کا مظاہرہ کیا

کچھ شاٹس ایسے تھے جو تماشائیوں کے درمیان گرے۔ اس رپورٹ میں ہم آپ کو جاری ٹی20 ورلڈ کپ میں لگائے گئے اب تک کے بڑے چھکوں کے بارے میں بتا رہے ہیں جو پچ سے زیادہ فاصلے پر باؤنڈری سے باہر گرے۔ سب سے لمبا چھکا متحدہ عرب امارات کے جنید صدیقی نے لگایا جو 109 میٹر دور گرا۔ انہوں نے سری لنکا کے خلاف میچ میں بولر گیلونگ کی گیند پر اونچا شاٹ کھیلا تھا۔ ویسٹ انڈیز کے بلے باز اوڈین سمتھ نے آئرلینڈ کے خلاف چھکا لگایا تو گیند 106 میٹر دور گری۔

ویسٹ انڈیز کے زمبابوے کے خلاف میچ میں بلے باز رومان پاول کا ایک اونچا شاٹ 104 میٹر فاصلہ طے کر پایا۔ یہ اب تک جاری ٹی20 ورلڈ کپ کا تیسرا بڑا چھکا ہے۔ آسٹریلیا کی ٹیم نیوزی لینڈ کے خلاف میچ تو ہار گئی تھی مگر اس میچ میں آسٹریلوی بلے باز ایرون فنچ کا لگایا گیا چھکا 102 میٹر دور گرا تھا۔ سکاٹ لینڈ کے بلے باز مائیکل جونز نے آئرلینڈ کے خلاف 98 میٹر لمبا چھکا لگایا تھا۔

آسٹریلوی بیٹر مارکس سٹوئنس نے سری لنکا کے خلاف کھیلتے ہوئے اونچے شاٹ پر چھ رنز بٹورے تھے۔ یہ چھکا بھی 98 میٹر کا فاصلہ طے کر پایا تھا۔ انڈیا کے خلاف پاکستانی بیٹر افتخار احمد کے چھکے شائقین کو مدتوں یاد رہیں گے۔ پاکستان سنسنی خیز مقابلے کے بعد یہ میچ ہار گیا تھا مگر افتخار احمد کے اس چھکے نے 97 میٹر کا فاصلہ طے کیا تھا۔