تیسرا دن رہا نیوزی لینڈ کے نام

Story by  ایم فریدی | Posted by  [email protected] | Date 21-06-2021
بادشاہت کی جنگ جاری
بادشاہت کی جنگ جاری

 

 

ساؤتھیمپٹن : ہنوستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کا فائنل میچ کھیلا جارہا ہے ۔ نیوزی لینڈ نے پہلی اننگز میں ہندوستان کو 217 رن پر روکنے کے بعد میچ کے تیسرے دن کا کھیل ختم ہونے تک دو وکٹ کے نقصان پر 101 رن بنالئے تھے ۔ نیوزی لینڈ کی شروعات اچھی رہی اور اس کو پہلا جھٹکا 70 کے مجموعی اسکور پر لگا جب ٹام لاتھم 30 رن بناکر آوٹ ہوئے ۔ اس کے بعد دوسرا جھٹکا دن کا کھیل ختم ہونے سے تھوڑا پہلے لگا جب ڈیوون کانوے 54 رن بناکر ایشانت شرما کے شکار بنے ۔ کھیل ختم ہونے پر کپتان ولیمسن 12 رن بناکر کھیل رہے تھے جبکہ ان کے ساتھ راس ٹیلر کریز پر موجود تھے ۔

بارش کی وجہ سے آج کا کھیل تھوڑی تاخیر سے شروع ہوا ۔ ہندوستان نے تین وکٹ پر 146 رنز سے آگے کھیلنا شروع کیا۔ کپتان وراٹ کوہلی 44 اور نائب کپتان اجنکیا رہانے 29 رنز بنا کر اپنی اننگز آگے لے گئے۔ جیمسن نے کچھ ڈیلیوری کرنے کے بعد ایک گیند اندر لائے اور وراٹ اپنے کل کے اسکور پر امپائر کی انگلی اٹھاتے ہی آؤٹ ہوگئے۔ وراٹ نے ڈی آر ایس کا سہارا لیا لیکن کوئی فائدہ نہیں ہوا اور انہیں ایل بی ڈبلیو قراردے دیا گیا ۔ وراٹ نے 132 گیندوں پر 44 رن کی اننگز میں ایک چوکا لگایا۔ ہندوستان کا چوتھا وکٹ 149 کے اسکور پر گرا۔۔

 وکٹ کیپر ریشبھ پنت نے باؤنڈری سے اپنا کھاتہ کھولا لیکن جیمسن کی آف اسٹمپ کے باہر گیند کو مارنے کی کوشش میں دوسری سلپ پر ٹام لیتھم کو کیچ تھمدا بیٹھے۔ ہندوستان کا پانچواں وکٹ 156 کے اسکور پر گرا۔ رہانے نے رویندر جڈیجہ کے ساتھ چھٹے وکٹ کے لئے 26 رنز جوڑے۔ رہانے اپنی نصف سنچری سے صرف ایک رن کی دوری پر تھے ، لیکن بائیں ہاتھ کے فاسٹ گیند نیل ویگنر کی گیند پر سلپ میں لیتھم کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوگئے۔ رہانے نے 117 گیندوں پر 49 رنز میں پانچ چوکے لگائے۔

 نئے بلے باز روی چندرن اشون نے کریز پر آتے ہی کچھ اچھے شاٹس کھیلے اور 27 گیندوں میں تین چوکوں کی مدد سے 22 رنز بنانے کے بعد لاتھم کے ہاتھوں ٹم ساؤتھی کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوگئے۔ فاسٹ بالر ایشانت شرما کو جیمسن نے راس ٹیلر کے ہاتھوں کیچ کرایا۔ ایشانت نے چار رنز بنائے۔ جیمسن نے اگلی ہی گیند پر جسپریٹ بمراہ کو ایل بی ڈبلیو آؤٹ کرکے میچ میں اپنی پانچ وکٹیں مکمل کی۔

 بائیں ہاتھ کے فاسٹ بالر ٹرینٹ بولٹ نے جڈیجہ کو لیگ سائیڈ پر وکٹ کیپر بی جے واٹلنگ کے ہاتھوں کیچ آ ؤٹ کرکے ہندوستان کو 217 رنز پر سمیٹ دیا۔ محمد سمیع چار رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔ جڈیجہ نے 53 گیندوں پر 15 رنز میں دو چوکے لگائے۔ نیوزی لینڈ کے لئے جیمسن کے پانچ وکٹوں کے علاوہ بولٹ نے 47 رنز دے کر دو ، ویگنر نے 40 رن پر دو اور ٹم ساؤدی نے 64 رنز پر ایک وکٹ حاصل کی۔