جانئے ! وہ سوال جس سے ثانیہ مرزا اکتا گئی ہیں

Story by  ایم فریدی | Posted by  [email protected] | Date 28-11-2021
جانئے ! وہ سوال جس سے  ثانیہ مرزا اکتا گئی ہیں
جانئے ! وہ سوال جس سے ثانیہ مرزا اکتا گئی ہیں

 

 

نئی دہلی :  ٹینس اسٹار ثانیہ مرزا نے ہندوستان اور پاکستان کے درمیان ہونے والے میچ میں اپنی پسندیدہ ٹیم سے متعلق بات کی۔ کراچی میں موجود ثانیہ اور شعیب نے بیٹے اذہان کے ہمراہ نجی ٹی وی کے پروگرام میں شرکت کی جس کی ایک ویڈیو سوشل میڈیا پر زیرِ گردش ہے۔ میزبان احسن خان نے ثانیہ سے سوال کیا کہ آپ سے کوئی بھی میزبان یا صحافی سب سے بدترین سوال کیا کرسکتا ہے؟

 ثانیہ نے جواب دیا کہ ایک سوال جو مجھ سے ہمیشہ کیا جاتا ہے، جو کافی پرانا اور برا ہے اور اس کا میں دوبارہ جواب نہیں دینا چاہتی وہ یہ کہ  ہندوستان اور پاکستان کے درمیان ہونے والے کرکٹ میچ میں کسے سپورٹ کروں گی، میں یہ سوال سُن کر تھک چکی ہوں۔

ثانیہ کے ساتھ موجود شعیب نے مذاق میں سوال دوبارہ دہرایا جس پر ثانیہ نے جواب دینے کے بجائے فوراً سوال کیا کہ پاکستان اور ہندوستان کے درمیان ہونے والے ٹینس کے مقابلے میں وہ کسے سپورٹ کریں گے جب کہ ان کی اہلیہ ہندوستان  کی طرف سے کھیل رہی ہوں تو؟

شعیب شروع میں تھوڑا سا گڑبڑائے اور پھر ہنستے ہوئے جواب دیا کہ ظاہر سی بات ہے میں اپنی بیوی کو سپورٹ کروں گا لیکن میں اپنے ملک سے بھی محبت کرتا ہوں جس پر ثانیہ نے کہا بالکل، میرا جواب بھی یہ ہی ہے۔