ٹی20 ورلڈ کپ: یو اے ای نے نمیبیا کو باہر کردیا

Story by  اے ٹی وی | Posted by  [email protected] | Date 21-10-2022
ٹی20 ورلڈ کپ: یو اے ای نے نمیبیا کو ٹورنامنٹ سے باہر کردیا
ٹی20 ورلڈ کپ: یو اے ای نے نمیبیا کو ٹورنامنٹ سے باہر کردیا

 

 

جیلونگ : آسٹریلیا میں جاری آئی سی سی ٹی20 ورلڈ کپ کے کوالیفائنگ مرحلے کے اہم میچ میں یو اے ای نے نمیبیا کو ہرا کر ٹورنامنٹ سے باہر کردیا۔ جمعرات کے روز جیلونگ میں کھیلے گئے میچ میں یو اے ای نے نمیبیا کو 7 رنز سے شکست دی جس کے بعد نمیبیا ایونٹ سے باہر ہوگئی۔ نمیبیا کے ٹی20 ورلڈ کپ سے باہر ہونے کے بعد نیدرلینڈز نے سری لنکا کے ساتھ سپر 12 مرحلے کے لیے کوالیفائی کرلیا ہے۔

یو اے ای کی جانب سے نمیبیا کو مقررہ 20 اوورز میں 149 رنز کا ہدف دیا گیا تھا جس کا یو اے ای نے کامیابی سے دفاع کیا۔ نمیبیا نے جواب میں 141 رنز بنائے جس میں ڈیوڈ ویزے نے 55، رُوبین ٹرمپل مین نے 25 جبکہ جیرہارڈ اریسمس کے 16 شامل تھے۔

میچ کی خاص بات سٹار پلیئر ڈیوڈ ویزے کی جانب سے 3 چھکوں اور 3 چوکوں کی مدد سے 36 گیندوں پر 55 رنز کی جارحانہ اننگز تھی۔ ڈیوڈ ویزے جب تک کریز پر موجود تھے ان سے یہ امید لگائی جارہی تھی کہ وہ پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) میں لاہور قلندرز کی طرح نمیبیا کی کشتی بھی پار لگا دیں گے لیکن وہ 19 ویں اوور کی چوتھی گیند پر آؤٹ ہوگئے۔

ٹی20 ورلڈ کپ کے پہلے راؤنڈ کے گروپ اے سے سری لنکا نے سپر 12 کے گروپ 1 اور نیدر لینڈز نے سپر 12 کے گروپ 2 کے لیے کوالیفائی کرلیا ہے۔ آئی سی سی ٹی20 ورلڈ کپ کے پہلے راؤنڈ کے میچز کا جمعے کو آخری دن ہے جس میں ویسٹ انڈیز کا میچ آئرلینڈ جبکہ سکاٹ لینڈ کا مقابلہ زمبابوے سے ہوگا۔

یو اے ای کے خلاف ڈیوڈ ویزے کی اننگز کے بارے میں سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر کرکٹ کے مداحوں کی جانب سے تعریفی تبصرے دیکھنے میں آرہے ہیں۔ موفدل ووہرا لکھتے ہیں کہ ’یہ دل توڑ دینے والی تصاویر ہیں، ڈیوڈ ویزےنے ہر ممکن کوشش کی، آپ چیمپئن کی طرح کھیلے ویزے۔‘