شعیب اختر کی اپیل، ساری دنیا کے مسلمان، ہندوستانیوں کی مدد کریں

Story by  ایم فریدی | Posted by  [email protected] | Date 25-04-2021
شعیب اختر
شعیب اختر

 

 

نئی دہلی

پاکستان کے سابق فاسٹ بالر شعیب اختر نے اپنے ملک کے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ کورونا وائرس کے خلاف جنگ لڑنے میں ہندوستان کی مدد کے لئے آگے آئیں۔ انہوں نے کہا کہ کورونا کی دوسری لہر میں ہندوستان کی حالت خراب ہے۔ وہاں آکسیجن کی بہت زیادہ قلت ہے۔ ایسی صورتحال میں لوگ کھلے دل سے ہندوستان کی مدد کریں اور آکسیجن ٹینکر مہیا کریں۔

اختر نے اپنے یوٹیوب چینل پر ویڈیو شیئر کرکے شائقین سے مدد کی درخواست کی۔ شعیب اختر نے کہا کہ ہندوستان میں روزانہ کویڈ 19 کے 4 لاکھ کے قریب کیس آرہے ہیں۔ دہلی اور ممبئی جیسے بڑے شہر بھی خطرے سے دوچار ہیں۔ کسی بھی حکومت کے لئے یہ ممکن نہیں ہے کہ وہ موجودہ حالات سے تنہا نمٹ سکے۔

ایسی صورتحال میں ، میں حکومت پاکستان اور عوام سے اپیل کرتا ہوں کہ وہ ہندوستان کی مدد کے لئے آگے آئیں۔ انہیں آکسیجن ٹینکروں کی ضرورت ہے۔ میری آپ سب سے درخواست ہے کہ وہ ہندوستان کے لئے فنڈ اکٹھا کرنے میں مدد کریں

پاکستان کے اس سابق فاسٹ بالر کا مزید کہنا تھا کہ یہ ایک وبا ہے اور ہم سب کو متحد ہوکر اس لڑائی میں ہندوستان کی مدد کرنی ہوگی۔ وہان کے لوگ ہمارے بھائی، بہن ہیں۔ ہمارے بزرگ ہیں۔ ہر ایک کو مدد کی ضرورت ہے۔

میں ہندوستان ، پاکستان اور دنیا کے مسلمانوں سے گزارش کرتا ہوں کہ رمضان کے اس پاک مہینے میں ہندوستان کے لئے مدد فراہم کریں۔ میں آپ سے دلی التجا کر رہا ہوں۔ کیونکہ میرے بہت سے دوست اور جاننے والے اس وقت ہندوستان میں بیمار ہیں اور انہیں مدد کی ضرورت ہے۔

ہندوستان کی حالت اتنی خراب ہے کہ ہر روز کورونا کے اعداد و شمار نئے ریکارڈ قائم کررہے ہیں۔ پچھلے 24 گھنٹوں کے دوران کورونا سے ہونے والی اموات نے اب تک کے تمام ریکارڈ توڑ ڈالے ہیں۔

وزارت صحت کے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق ، کورونا کے نئے کیسز کی آمد کے بعد ملک میں متاثرہ مریضوں کی مجموعی تعداد ایک کروڑ 69 لاکھ 60 ہزار 172 ہوگئی ہے۔ پچھلے چوبیس گھنٹوں کے دوران 2767 افراد ہلاک ہوگئے ہیں۔