’ریاض سیزن کپ‘ میں میسی کی ٹیم جیت گئی، رونالڈو ’مین آف دی میچ‘

Story by  اے ٹی وی | Posted by  [email protected] | Date 20-01-2023
’ریاض سیزن کپ‘ میں میسی کی ٹیم جیت گئی، رونالڈو ’مین آف دی میچ‘
’ریاض سیزن کپ‘ میں میسی کی ٹیم جیت گئی، رونالڈو ’مین آف دی میچ‘

 

 

 ریاض: ریاض سیزن کپ‘ الہلال اور النصر کلب کو شکست دے کر پیرس سینٹ جرمین نے حاصل کرلیا۔ اخبار 24 کے مطابق فرانس کے کلب پیرس سینٹ جرمین نے کنگ فہد انٹرنیشنل سٹیڈیم میں شاندار اور چونکا دینے والے مقابلے کے بعد 4 کے مقابلے میں پانچ گول سے فتح حاصل کرلی۔

پہلے ہاف میں دونوں ٹیمیں دو، دو گول سے برابر تھیں۔ پیرس سینٹ جرمین ٹیم نے دو گول کیے جس میں پہلا گول لیونل میسی کا تھا جبکہ دوسرا گول برازیل کے مارکینوس نے کیا۔ اس کے بعد النصر اور الہلال کے لیے کھیلنے والے سپر سٹار رونالڈو نے دو گول کرکے میچ برابر کردیا۔

دوسرے ہاف میں پیرس سینٹ جرمین نے تین اور الہلال و النصر نے دو گول کیے۔ اس طرح ریاض سیزن کپ پیرس سینٹ جرمین کے حصے میں آیا۔ پیرس سینٹ جرمین کی جانب سے پانچواں اور فیصلہ کن گول ایکیتیکی نے کیا۔

سبق ویب سائٹ کے مطابق کرسٹیانو رونالڈو کو ریاض سیزن کپ میں ’مین آف دی میچ‘ قرار دیا گیا۔ انہیں یہ شیلڈ سعودی محکمہ تفریحات کے سربراہ ترکی آل الشیخ نے دی۔ واضح رہے کہ کنگ فہد سٹیڈیم میں پرتگال کے سپر سٹار فٹبالر کرسٹیانورونالڈو اور ارجنٹائن کے لیونل میسی تاریخ میں دسویں بار ایک دوسرے کے مدمقابل آئے۔

یہ فٹ بال میچ نیویارک کے ٹائمز اسکوائر اور الریاض بلیوارڈ میں اسکرینوں پر براہ راست نشر کرنے کا اہتمام کیا گیا ہے۔اس کے علاوہ لندن، قاہرہ اور کویت میں بھی بڑی اسکرینوں پر دکھایا گیا ہے۔ میچ ایم بی سی، شاہد، ای ایس پی این، بی آئی این، بی آئی این اسپورٹس، ایم بی سی میسر،اسکائی اسپورٹس اور دیگر پربھی دیکھا جا سکتا تھا۔

پی ایس جی کلب کی نمائندگی فرانس کے ورلڈکپ اسٹار کیلیان ماپے کے علاوہ برازیل کے نیمار بھی کررہے تھے۔پرتگال کے کھلاڑی رونالڈو بین الاقوامی سطح پر اس وقت سرخیوں میں آئے جب دسمبر میں النصر نے انھیں کروڑوں ڈالر میں سائن کیا تھا۔ اس فٹ بالرنے مبیّنہ طورپریورپ، برازیل، آسٹریلیا اور امریکا کے کلبوں کی جانب سے متعدد پیش کشوں کو ٹھکرا دیا تھا اور ان کے بجائے سعودی عرب کی ٹیم میں شمولیت کافیصلہ کیا تھا۔

الریاض میں میچ کے وی آئی پی ٹکٹ بھی کروڑوں میں بکے ہیں۔رئیل اسٹیٹ ٹائیکون مشرف الغامدی نے میسی اور رونالڈو سے ملنے اور فاتح ٹیم کے ساتھ فوٹو شوٹ میں حصہ لینے کے لیے 26 لاکھ 60ہزارڈالر(ایک کروڑ ریال) کی بولی لگائی تھی۔ اس میچ کوبالی ووڈ سپر اسٹار امیتابھ بچن سمیت نامور شخصیات نے دیکھا ہے۔سعودی عرب کی جنرل انٹرٹینمنٹ اتھارٹی کے سربراہ ترکی آل الشیخ کو ان کے ساتھ کھلاڑیوں کا استقبال کرتے ہوئے دیکھا گیا۔