قطر ورلڈ کپ 2022 :میسی کا آخری میدان جنگ ہوگا

Story by  ایم فریدی | Posted by  [email protected] | Date 07-10-2022
قطر ورلڈ کپ 2022 :میسی کا آخری  میدان جنگ ہوگا
قطر ورلڈ کپ 2022 :میسی کا آخری میدان جنگ ہوگا

 


دوحہ:قطر میں ورلڈ کپ کا بخار ابھی سے چڑھنے لگا ہے -دنیا کی نظر قطر کی خوبصورت بلند و بالا عمارتوں کے ساتھ ساتھ ان فٹ بال اسٹیڈیم پر بھی مرکوز ہیں جن پر ورلڈ کپ کے میچز کھیلے جائیں گے- یقینا اس ورلڈ کپ میں کچھ ستارے ابھریں گے تواب کچھ ڈوب جائیں گے-ارجنٹائن کی فٹ بال ٹیم کے کپتان لیونل میسی نے اعلان کیا ہے کہ قطر میں 2022 کا فٹ بال ورلڈ کپ یقینی طور پر ان کے کیریئر کا آخری مقابلہ ہوگا۔

ای ایس پی این ارجنٹائن سے بات کرتے ہوئے میسی نے کہا: ’یہ یقینی طور پر میرا آخری ورلڈ کپ ہے۔ میں جسمانی طور پر اچھا محسوس کرتا ہوں۔ میں اس سال ایک بہت اچھا پری سیزن کرنے کے قابل تھا، جو میں پچھلے سال نہیں کر سکا۔‘ 35 سالہ میسی نے مزید کہاکہ  ’میں جہاں ہوں وہاں پہنچنا ضروری تھا، اچھی ذہنی حالت اور بہت زیادہ امید کے ساتھ۔‘ میسی نے جو اپنے پانچویں ورلڈ کپ میں شرکت کرنے والے ہیں 2005 میں اپنے بین الاقوامی کیریئر کا آغاز کیا اور اس کے بعد سے وہ ارجنٹائن کے لیے 164 مقابلوں میں حصہ لے چکے ہیں اور 90 گول کے ساتھ ملک کے سب سے زیادہ ریکارڈ اسکورر ہیں۔

پیرس میں ہونے والے انٹرویو میں، جہاں میسی پیرس سینٹ جرمین کے لیے کھیلتے ہیں، انہوں نے اعتراف کیا کہ وہ آنے والے ٹورنامنٹ کے بارے میں پریشان تھے۔

انہوں نے کہا کہ ورلڈ کپ کے بارے میں بے چینی اور اعصابی دباؤ موجود ہیں۔ ’ہم شدت سے اس کے شروع ہونے کا انتظار کر رہے ہیں۔‘ 2005 میں ہنگری کے خلاف میچ میں متبادل کھلاڑی کے طور پر میسی کے بین الاقوامی کیریئر کے آغاز کا دورانیہ صرف دو منٹ تک رہا لیکن انہوں نے فوری طور پر قومی ٹیم کے سیٹ اپ میں اپنے لیے جگہ بنائی اور 2006 میں اپنے پہلے ورلڈ کپ کے لیے جرمنی کا سفر کیا۔

انہوں نے جنوبی افریقہ میں 2010 ایڈیشن، 2014 میں برازیل، جہاں ارجنٹائن فائنل تک پہنچا اور روس میں 2018 میں ٹورنامنٹس کھیلے۔

میسی نے اپنی ٹیم کے حوالے سے کہا: ’ہم ایک اچھے لمحے تک پہنچ چکے ہیں، ایک بہت اچھی طرح سے لیس اور بہت مضبوط گروپ کے ساتھ، لیکن کچھ بھی ہوسکتا ہے۔‘ ان کا مزید کہنا تھا: ’تمام کھیل بہت مشکل ہیں۔

فیورٹس ہمیشہ وہ نہیں ہوتے ہیں جو جیتتے ہیں یا اس راستے پر چلتے ہیں جس کی ان سے توقع کی جاتی ہے۔‘ ساتھ ہی انہوں نے اپنی ٹیم ارجنٹائن کے حوالے سے کہا: ’لیکن ہم صرف فیورٹ نہیں ہیں، دوسری ٹیمیں بھی ہیں جو ہم سے اوپر ہیں۔‘

آخری موقع

ارجنٹائن کی اپنے تیسرے ورلڈ کپ ٹائٹل کے دفاع کی کوشش، 22 نومبر کو لوسیل میں سعودی عرب کے خلاف میچ سے شروع ہوگی۔ اس سے پہلے میکسیکو اور پولینڈ کے خلاف گروپ سی کے مزید میچز ہوں گے۔ میسی اکثر سب سے بڑے بین الاقوامی سٹیج پر ارجنٹائن کے آئیکون ڈیاگو میراڈونا کی تقلید کرنے کے لیے جدوجہد کرتے رہے ہیں

انہوں نے چار سال قبل روس میں صرف ایک بار گول کیا تھا، لیکن امیدیں بہت زیادہ ہیں کہ سات بار کے بیلن ڈی اور فاتح مشرق وسطیٰ میں شان و شوکت کے ساتھ ورلڈ کپ سے باہر ہوسکتے ہیں۔

میسی نے ارجنٹائن کو گذشتہ سال کوپا امریکہ کا تاج پہنایا تھا۔ انہوں نے فائنل میں روایتی حریف برازیل کو شکست دے کر 28 سالوں میں اپنا پہلا بڑا ٹورنامنٹ ٹائٹل جیتا۔ انہیں بہترین کھلاڑی کا ایوارڈ بھی دیا گیا تھا۔

قطر ممکنہ طور پر میسی اور ان کے دیرینہ حریف 37 سالہ کرسٹیانو رونالڈو کو ورلڈ کپ جیتنے کا آخری موقع فراہم کرے گا۔ میسی نے مارچ میں اعتراف کیا تھا کہ ’مجھے ورلڈ کپ کے بعد بہت سی چیزوں کا ازسرنو جائزہ لینا پڑے گا، چاہے یہ ہمارے لیے اچھا ہو یا نہ ہو۔‘ انہوں نے مزید کہا تھا: ’مجھے امید ہے کہ سب اچھا ہو، لیکن بہت سی چیزیں یقینی طور پر تبدیل ہونے جا رہی ہیں۔‘