تائیکوانڈو کے کھلاڑی قیصر ریحان کا جلوہ

Story by  ایم فریدی | Posted by  [email protected] | Date 11-02-2021
قیصر ریحان سرٹیفیکٹ  کے ساتھ
قیصر ریحان سرٹیفیکٹ کے ساتھ

 

 سراج انور/ پٹنہ

بہار کے قیصر ریحان نے تائیکوانڈو میں بین الاقوامی سطح پراپنی صلاحیت کا لوہا منوایا ہے- اسی ہفتے انڈین ڈوجانگ اسپورٹس آرگینائزیشن نے ریحان کو تین روزہ تائیکوانڈو ایڈوانس ٹریننگ کیمپ میں عمدہ پرفارمنس سے نوازا۔ پانچ سے سات فروری تک دہلی میں منعقد اس کیمپ میں مختلف ریاستوں کے 100 سے زیادہ کھلاڑیوں نے حصہ لیا۔ ریحان کا تعلق بیگوسرائے ضلع کے بارونی بلاک نینگا سے ہے۔ تائیکوانڈو میں آئی ڈی ایس او ایوارڈ متواتر بہتر کارکردگی کی بنیاد پر دیا جاتا ہے ۔

قیصر ریحان کو آئی ڈی ایس او ایوارڈ ملنے سے ریاست میں کھیلوں کے شائقین میں خوشی کی لہر دوڑ گئی ہے۔ یہ ایوارڈ کریڑا بھارتی دہلی کے جنرل سیکریٹری للت موہن ، انٹرنیشنل ریفری شیوانی اگروال ، امت اگروال اور آئی ڈی ایس او ڈائریکٹر ماسٹر پروان ساکییاکی کی موجودگی میں دیا کیا گیا۔اس کیمپ میں گرینڈ ماسٹر جیہنگجلی ، ماسٹر ماجد خان کے ذریعہ تائیکوانڈو کے حوالے سے بنیادی معلومات اور نئی ٹیکنالوجی کے بارے میں ٹریننگ دی گئی۔ اس کے ساتھ ساتھ ہندوستان کی مشہور بین الاقوامی ریفری شیوانی اگروال اور ہندوستان کے امیت اگروال نے تائیکوانڈو کے نئے قواعد اور ضوابط کیورگی اور پومسی کے جدید گر بھی سکھائے- اس پورے کیمپ میں تائیکوانڈو میں قیصر ریحان کو اعزازدے جانے پر چیمپ تائیکوانڈو اکیڈمی کی ڈائریکٹر پوجا کماری ، اے آئی ایس ایف نیشنل ایگزیکٹیو ممبر امین حمزہ ، ٹیم منیجر روہن کمار ، ڈاکٹر مسرت کیف ، ڈاکٹر روشن کمار ، ڈاکٹر نذیرالحق ، ساگر کمار ڈاگور اوربیگوسرائے ضلع کے کھیلوں کےمتعدد شایقین نے اپنی نیک خواہشات سے نوازا

ریحان کو دوسری مرتبہ آئی ڈی ایس او سے نوازا گیا ہے ۔گزشتہ سال بھی آئی ڈی ایس او نے بہتر کارکردگی پر انہیں ایوارڈ دیا تھا۔ 2020 کی ایوارڈ تقریب میں جنوبی کوریا کے سفیر چوئی جونگ ہو اور گرانڈ ماسٹر جیہنگجالی بھی موجود تھے۔ واضح رہے کہ حال ہی میں ریٹائرڈ استاد ایم شبیر احمد کے بیٹے ریحان نے تھائی لینڈ میں منعقدہ انٹرنیشنل تائیکوانڈو چیمپیئن شپ مقابلے میں ہندوستان کی نمائندگی کرتے ہوئے طلائی تمغہ جیتا ہے۔ جس کے بعد انہیں دبئی میں ہونے والے مقابلے کے لئے ایل ای او اسپورٹ انڈیا نے منتخب کیا تھا۔ ریحان نے شیخ زید اسپورٹ سٹی ، دبئی میں تائیکوانڈو فیڈریشن کے زیر اہتمام فجیرہ جی ٹو 2 تائیکوانڈو چیمپیئن شپ میں حصہ لیا تھا۔ یہ مقابلہ گذشتہ سال جنوری میں ہوا تھا۔ جس میں تقریباً سو ممالک کے شرکاء نے شرکت کی تھی۔

ورلڈ تائیکوانڈو فیڈریشن کے زیر اہتمام منعقدہ ورلڈ رینکنگ چیمپیئن شپ میں بہار سے تعلق رکھنے والے واحد کھلاڑی قیصر ریحان نے انڈر 68 کیٹیگری کے وزن میں ہندوستان کی نمائندگی کی۔ ریحان مسلسل اپنی بہترین کارکردگی سے قومی اور بین الاقوامی سطح پر ضلع ، ریاست اور ملک کا نام روشن کررہے ہیں ۔ سال 2010 میں کراٹے میں قدم رکھنے والے ریحان نے ریاستی اور ضلع سطح پرلاتعداد ایوارڈز بھی اپنے نام کر چکے ہیں-

patna