فخر بہار بنے ''شکیب الغنی'' : پہلے فرسٹ کلاس میچ میں ٹرپل سنچری کا ورلڈ ریکارڈ

Story by  ایم فریدی | Posted by  [email protected] | Date 18-02-2022
فخر بہار شکیب الغنی  : پہلے فرسٹ کلاس میچ میں ٹرپل سنچری کا ورلڈ ریکارڈ
فخر بہار شکیب الغنی : پہلے فرسٹ کلاس میچ میں ٹرپل سنچری کا ورلڈ ریکارڈ

 

 

آواز دی وائس : نئی دہلی

بہار کے رنجی کرکٹر شکیب الغنی نے اپنے فرسٹ کلاس ڈیبیو پر ٹرپل یعنی تہری سنچری بنا کر تاریخ رقم کر دی ہے۔ وہ یہ کارنامہ انجام دینے والے دنیا کے پہلے کرکٹر بن گئے ہیں۔

غنی نے یہ تاریخی کارنامہ کولکتہ میں میزورم کے خلاف رنجی ٹرافی میچ کے دوران انجام دیا۔ 22 سالہ شکیب الغنی نے 56 چوکوں اور دو چھکوں کی مدد سے 405 گیندوں میں 341رنوں کے ساتھ ٹرپل سنچری مکمل کی۔

 شکیب الغنی 341 رنز بنانے کے بعد آؤٹ ہو گئے۔ انہیں اقبال عبداللہ نے تروور کوہلی کے ہاتھوں کیچ کیا۔ انہوں نے اننگز میں 56 چوکے اور دو چھکے لگائے۔

 اس سے قبل فرسٹ کلاس ڈیبیو پر سب سے زیادہ رنز بنانے کا ریکارڈ اجے راجکمار روہیرا کے نام تھا۔ روہیرا نے 2018-19 کے رنجی سیزن میں مدھیہ پردیش کے لیے کھیلتے ہوئے حیدرآباد کی ٹیم کے خلاف ناقابل شکست 267 رنز کی اننگز کھیلی۔

 آپ کو بتا دیں 2 ستمبر 1999 کو موتیہاری میں پیدا ہونے والے شکیب الغنی نے اس سے قبل 14 لسٹ-اے اور 11 ٹی ٹوئنٹی میچوں میں حصہ لیا تھا۔ لسٹ اے میچوں میں وہ اب تک 31.41 کی اوسط سے 337 رنز بنا چکے ہیں جس میں ایک سنچری اور اتنی ہی نصف سنچریاں شامل ہیں۔ اس کے ساتھ ہی ٹی ٹوئنٹی میچوں میں ان کے نام 27.42 کی اوسط سے 192 رنز ہیں۔

 شکیب الغنی نے بابل کمار کے ساتھ چوتھی وکٹ کے لیے 538 رنز کی شراکت داری کی۔ بابل کمار نے بھی ڈبل سنچری بنائی۔ فرسٹ کلاس کرکٹ میں سب سے زیادہ شراکت کا ریکارڈ کمار سنگاکارا اور مہیلا جے وردھنے کے پاس ہے۔ دونوں سری لنکن بلے بازوں نے 2006 میں جنوبی افریقہ کے خلاف 624 رنز کی شراکت داری کی تھی۔