خواتین کرکٹ کی مقبولیت تیزی سے بڑھ رہی ہے - راجیو شکلا

Story by  اے این آئی | Posted by  [email protected] | Date 02-11-2025
 خواتین کرکٹ کی مقبولیت تیزی سے بڑھ رہی ہے - راجیو شکلا
خواتین کرکٹ کی مقبولیت تیزی سے بڑھ رہی ہے - راجیو شکلا

 



 ممبئی (مہاراشٹر): آئی سی سی ویمنز ورلڈ کپ کے فائنل سے ایک دن قبل بی سی سی آئی کے نائب صدر راجیو شکلا نے ملک میں خواتین کرکٹ کے تیزی سے بڑھتے رجحان اور مقبولیت کی تعریف کی، خاص طور پر ٹیم انڈیا کی شاندار کارکردگی اور شائقین کے جوش کو سراہا۔

انہوں نے کہا، ’’جب سیمی فائنل کھیلا جا رہا تھا تو پورا اسٹیڈیم کھچا کھچ بھرا ہوا تھا۔ فائنل کے ٹکٹس کی مانگ بہت زیادہ ہے۔ خواتین کرکٹ کی مقبولیت تیزی سے بڑھ رہی ہے۔ لوگ اب میچ دیکھنے کے لیے بڑی تعداد میں میدان میں آ رہے ہیں۔ پہلے لوگ زیادہ دلچسپی نہیں لیتے تھے، کئی ریاستوں میں تو خواتین کھلاڑی بھی نہیں تھیں۔‘‘

راجیو شکلا نے کہا کہ ملک بھر میں سوچ میں مثبت تبدیلی آئی ہے اور والدین اب اپنی بیٹیوں کو کرکٹ کھیلنے کے لیے خوشی سے آگے بھیج رہے ہیں۔
انہوں نے کہا، ’’اب ہر جگہ والدین تیار ہیں اور اپنی بیٹیوں کو ویمنز کرکٹ میں بھیجنے کے لیے پرجوش ہیں۔‘‘

انہوں نے ٹیم انڈیا کی شاندار کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ آسٹریلیا کے خلاف سیمی فائنل میں سب سے بڑا اسکور چیس کرکے جیت حاصل کرنا خواتین ٹیم کے حوصلے کی مثال ہے۔
’’ہم نے آسٹریلیا کو سیمی فائنل میں شکست دی اور اتنا بڑا ہدف حاصل کیا۔ یہ خواتین ٹیم کے لیے ایک بڑی کامیابی ہے۔ خواتین کرکٹ اب تیزی سے ترقی کر رہی ہے۔‘‘

فائنل سے پہلے اعتماد ظاہر کرتے ہوئے شکلا نے کہا کہ مجھے یقین ہے کہ ہم ورلڈ کپ جیتیں گے اور خواتین کرکٹ کو عالمی سطح پر نئی پہچان ملے گی۔ ہماری ٹیم بین الاقوامی سطح پر ایک مضبوط ٹیم کے طور پر ابھرے گی۔‘‘

انہوں نے یاد دلایا کہ وہ اس وقت سے بی سی سی آئی کے ساتھ ہیں جب خواتین کرکٹ کو بورڈ کے دائرے میں لایا گیا تھا، اور کہا کہ خواتین کرکٹ کو آگے بڑھانے کے لیے مسلسل کوششیں جاری ہیں۔

آسٹریلیا کے خلاف سیمی فائنل میں آسٹریلیا نے پہلے بلے بازی کرتے ہوئے 338 رنز بنائے۔ انڈین بولرز میں شری چارنی اور دیپتی شرما نے دو دو وکٹیں حاصل کیں، جبکہ امانجوت کور، کانتی گوڈ اور رادھا یادو نے ایک ایک وکٹ لی۔

ہدف کے تعاقب میں، اوپنرز شفیع ورما اور سمرتی مندھانا کے جلد آؤٹ ہونے کے بعد جمائما روڈریگز اور کپتان ہرمن پریت کور نے شاندار پارٹنرشپ بنائی۔ رچا گھوش اور امانجوت کور نے بھی آخری لمحات میں بہترین بیٹنگ کی۔

جمائما کو ان کی شاندار اننگ کے لیے ’پلیئر آف دی میچ‘ قرار دیا گیا۔ اس جیت کے ساتھ انڈیا نے ویمنز ورلڈ کپ کے فائنل میں جگہ بنالی، جہاں اب اتوار کو جنوبی افریقہ سے مقابلہ ہوگا۔