نعمان نےشعیب سے مانگی معافی

Story by  ایم فریدی | Posted by  Shah Imran Hasan | Date 05-11-2021
 پاکستان:نعمان نیاز نےلایئو ٹی وی شو میں شعیب اختر سے مانگی معافی
پاکستان:نعمان نیاز نےلایئو ٹی وی شو میں شعیب اختر سے مانگی معافی

 


آواز دی وائس، ایجنسی

پاکستان کے سرکاری اسپورٹس چینل پی ٹی وی سپورٹس کے سابق میزبان ڈاکٹر نعمان نیاز نے اسٹار کرکٹر شعیب اختر سے لایئو ٹی وی شو کے دوران الجھنے پر معافی مانگ لی ہے۔

ڈاکٹر نعمان نیاز نے صحافی رؤف کلاسرا کو ان کے یوٹیوب چینل پر انٹرویو میں بتایا کہ جو کچھ ہوا اور ان کے غصے پر جو سخت ردعمل سامنے آیا وہ جائز تھا۔ ان کا کہنا تھا کہ ’مجھے کوئی حق نہیں تھا۔ انسان غلطی کر گزرتا ہے اور اس کے لیے میں معافی مانگتا ہوں۔ ایک دفعہ نہیں بلکہ لاکھوں مرتبہ۔ شعیب ایک راک سٹار ہیں اور مجھے ان کی کرکٹ بہت پسند ہے۔‘

انہوں نے مزید کہا کہ شعیب اختر بھی اس معاملے میں دکھی ہو یا کسی بات نے اس کے غصے کو ہوا دی۔ ’جو بھی کیمرہ پر ہوا وہ غیر مہذب تھا۔‘

انٹرویو کے دوران ڈاکٹر نعمان نیاز نے اپنی بات جاری رکھتے ہوئے کہا کہ ’میں میزبان تھا اور یہ واقعہ بین الاقوامی اسٹارز کی موجودگی میں نہیں ہونا چاہیے تھا۔‘

ڈاکٹر نعمان نیاز نے یہ بھی کہا کہ ان کے والد نے اس واقعے پر کہا کہ ’مجھے اپنی غلطی کی ذمہ داری اٹھانی چاہیے۔‘ ’نعمان نیاز کو اسی وقت معاف کر دیا تھا‘

دوسری جانب سابق کرکٹر شعیب اختر نے نجی ٹیو چینل جیو نیوز کے ایک پروگرام میں کہا کہ انہوں نے ملک کی خاطر نعمان نیاز کو اسی وقت معاف کر دیا تھا اور شو چھوڑ کر آ گئے تھے۔

شعیب نے کہا وہ شو کے میزبان کے معافی مانگنے کا انتظار کرتے رہے، لیکن انہوں نے ایسا نہیں کیا اور اس بات کی وجہ سے ان کو شو چھوڑنا پڑا۔

ایک ہفتہ قبل پی ٹی وی اسپورٹس پر شعیب اختر اور میزبان ڈاکٹر نعمان نیاز کے درمیان براہِ رست پروگرام میں تلخ کلامی ہوئی تھی، جس کے بعد سابق فاسٹ بولر نے پی ٹی وی اسپورٹس سے اسی شو کے دوران مستعفی ہونے کا اعلان کر دیا تھا۔

گذشتہ ماہ 26 اکتوبر2021 کی رات نیوزی لینڈ اور پاکستان کے درمیان ٹی 20 ورلڈ کپ کے اہم میچ کے بعد پی ٹی وی سپورٹس کے پروگرام 'گیم آن ہے' میں میزبان ڈاکٹر نعمان نیاز نے شعیب اختر سے سوال کیا جس کے جواب میں دونوں کے درمیان تلخی کا سلسلہ شروع ہوا۔

کرکٹر حارث رؤف اور شاہین آفریدی پر بحث چھڑنے پر شعیب اختر نے کہا، ’سر پلیز! سم بڈی کیم ٹو دا ورک (آج کوئی کام پر آیا ہے)۔

یہاں سے صورتحال خراب ہوئی اور ڈاکٹر نعمان نیاز نے کہا کہ ’آپ بدتمیزی (RUDE) کر رہے ہیں۔ تو میں یہ نہیں کہنا چاہتا تھا۔ لیکن آپ اوور اسمارٹ ہو رہے ہیں تو چلے جائیں۔ میں یہ آن ایئر کہہ رہا ہوں۔‘

اس پر شعیب اختر کو دھچکا لگا اور کچھ دیر کے لیے خاموشی ہو گئے جس کے بعد ڈاکٹر نعمان نیاز نے بریک لے لی۔ بعدازاں شعیب اختر نے ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ میزبان نعمان نیاز نے معذرت نہیں کی، جس کے بعد ان کے پاس استعفے کے سوا کوئی اور چارہ نہیں تھا۔

واضح رہے کہ پاکستان کی وزارت اطلاعات و نشریات نے پی ٹی وی اسپورٹس پر اس واقعے اور سابق فاسٹ بالر کے استعفیٰ کے بعد تحقیقات کے لیے ایک کیمٹی قائم کر دی تھی۔

پی ٹی وی اسپورٹس نے ایک ٹویٹ میں کہا کہ ’پی ٹی وی انتظامیہ کا ٹی وی اسپورٹس پر شعیب اختر کے ساتھ پروگرام میں پیش آنے والے واقعے کا نوٹس۔‘