پاکستان: ہاکی کھلاڑی سمیع اللہ کے مجسمے سے بال اور ہاکی کی چوری

Story by  ایم فریدی | Posted by  [email protected] | Date 18-07-2021
آنکھ بند ڈبہ گول
آنکھ بند ڈبہ گول

 

 

 بہاول پور:پاکستان میں ہاکی کے جادثگر کہلانے والے سپر اسٹار اور دنیائے ہاکی میں فلائنگ ہارس کے نام سے معروف پاکستان ہاکی ٹیم کے سابق کپتان اولمپئن سمیع اللہ خان نے بہاولپور میں اپنے مجسمے کے ساتھ توہین آمیز سلوک پر اظہار افسوس کیا ہے۔

چور اولمپیئن سمیع اللہ خان کے آبائی شہر بہاولپور میں ان کے مجسمے کے ساتھ رکھی جانے والی ہاکی اور گیند اٹھا کر لے گئے، واضح رہے کہ چند روز قبل کنٹونمنٹ بورڈ بہاولپور کی جانب سے سمیع اللہ خان کے فلاحی اسپتال کے قریب ان کا مجسمہ نصب کیا گیا تھا۔ جس کا مقصد فلائنگ ہارس سمیع اللہ خان کی پاکستان ہاکی کے لیے گراں قدر خدمات کوخراج تحسین پیش کرنا تھا۔

 اس بارے میں سمیع اللہ خان کا کہناہے کہ مجھے سوشل میڈیا کے ذریعے اس ناروا سلوک کا علم ہوا، جس نے بھی یہ حرکت کی ہے یہ اچھی بات نہیں ہے۔ ہاکی اور گیند لے جانے والے سے میری درخواست ہے کہ وہ مجسمے کے ساتھ ہاکی اور گیند کو واپس رکھ دیں۔

 دوسری جانب سابق قومی کپتان اولمپئین حنیف خان، منظور جونئیر، شہناز شیخ،ناصر علی،احمد عالم، رشید الحسن و دیگر نے اس واقعہ پر اظہار تاسف کرتے ہوئے اسے قومی اسٹارز کی تذلیل کے مترادف قرار دیا ہے۔