پاکستان کرکٹ ایک بار پھر کوویڈ وائرس کی گرفت

Story by  ایم فریدی | Posted by  [email protected] | 2 Years ago
پاکستانی کرکٹ پر کورونا کا سایہ
پاکستانی کرکٹ پر کورونا کا سایہ

 

 

لاہور:پاکستان میں کورونا وائرس نے ایک بار پھر اثر دکھایا ہے اور کرکٹ کو اپنے شکنجے میں لے لیا۔  لاہور میں شروع ہونے والے نیشنل ٹی ٹوئنٹی کے ابتدائی روز بلوچستان ٹیم کے چار کرکٹرز کا کوویڈ ٹیسٹ پازیٹو آگیا ہے۔

ذرائع کے مطابق چار کھلاڑیوں کی کوویڈ رپورٹ مثبت آئی ہے۔ اس کے باعث بلوچستان اور نادرن کے درمیان آج شام سات بجے کھیلا جانے والا میچ کا پروگرام بدل دیا گیا ہے۔

ترمیمی شیڈول کے تحت آج ناردرن کی ٹیم سدرن پنجاب کے ساتھ کھیلے گی جبکہ بلوچستان اور ناردرن کا میچ اب نو اکتوبر کو رکھا گیا ہے۔ پی سی بی نے ٹورنامنٹ کو جاری رکھنے کے لیے مندرجہ ذیل اقدامات اٹھانے کا فیصلہ کیا ہے۔ ان چاروں کھلاڑیوں کو دس روز کے لئے قرنطینہ کردیا گیا۔

بائیو سیکیور ببل میں موجود تمام شرکاء کے کوویڈ 19 ٹیسٹ منگل کو لیے گئے تھے اور اسکواڈ میں شامل باقی تمام کھلاڑیوں کے کوویڈ 19 ٹیسٹ کی رپورٹ منفی آئی ہے۔ پی سی بی اعلامیہ کے مطابق جی ایف ایس سندھ اور ہوم سٹی سینٹرل پنجاب کا میچ شیڈول کے مطابق آج کھیلا جارہا ہے۔ دوسرا میچ ناردرن اور بلوچستان کے مابین کھیلا جانا تھا۔

جسے اب ناردرن اور سدرن پنجاب کے مابین میچ سے تبدیل کردیا گیا ہے۔ 7 اکتوبر کو بلوچستان اور خیبرپختونخوا کے مابین میچ بھی اپنے شیڈول کے مطابق ہوگا۔ بلوچستان کی سیکنڈ الیون کے اسکواڈ میں شامل کھلاڑی اس میچ کے لیے اپنی فرسٹ الیون کو دستیاب ہوں گے۔ یہ کھلاڑی ایک سے دوسرے ببل میں منتقل ہوجائیں گےتاہم اس دوران ان کا کوویڈ 19 ٹیسٹ بھی کیا جائے گا۔ آئی سی سی مینز ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ کے لئے اعلان کردہ قومی اسکواڈ میں شامل کھلاڑی اور اسپورٹ کے ارکان 7 اکتوبر تک نیشنل ٹی ٹوئنٹی میں شرکت کرسکتے ہیں۔ 8 اکتوبر سے وہ آئی سی سی مینز ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے لئے بنائے گئے علیحدہ ببل میں منتقل ہوجائیں گے۔