انگلینڈ کو شکست دے کر نیوزی لینڈ فائنل میں

Story by  ایم فریدی | Posted by  [email protected] | Date 10-11-2021
 انگلینڈ کو شکست دے کر نیوزی لینڈ  فائنل میں
انگلینڈ کو شکست دے کر نیوزی لینڈ فائنل میں

 

 

ابو ظہبی : ٹی 20 ورلڈ کپ کے پہلے سیمی فائنل میں نیوزی لینڈ نے انگلینڈ کو پانچ وکٹوں سے شکست دے کر فائنل کے لیے کوالیفائی کرلیا ہے۔ نیوزی لینڈ کی ٹیم نے 167 رنز کا ہدف 19 ویں اوور کی آخری گیند پر حاصل کیا جبکہ اس کی پانچ وکٹیں باقی تھیں۔

نیوزی لینڈ کی جانب سے ڈیرل مچل نے چار چھکوں اور چار چوکوں کی مدد سے 73 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی اور ٹیم کی جیت میں اہم کردار ادا کیا۔ انہیں میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

ٹی20 ورلڈ کپ کے پہلے سیمی فائنل میں انگلینڈ نے پہلے بیٹنگ کی اور نیوزی لینڈ کو 167 رنز کا ہدف دیا جو نیوزی لینڈ نے 19ویں اوور میں مکمل کر لیا۔

شروع میں انگلش بولرز نے نیوزی لینڈ کے پے درپے دو وکٹیں گرا کر نیوزی لینڈ کو دباؤ میں لایا۔

نیوزی لینڈ کے مارٹن گپٹل پہلے اوور میں 4 رنز جبکہ کین ولیمسن دوسرے اوور 5 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئے۔ دونوں کھلاڑی کرس ووکس کی گیند پر آؤٹ ہوئے۔

۔ 14ویں اوور میں نیوزی لینڈ کے ڈیون کونوے 46 رنز جبکہ 16ویں اوور میں گلین فلپس صرف دو رنز بنا کر کیچ آؤٹ ہوئے۔ یہ دونوں کھلاڑی لیونگ سٹون کی گیند پر آؤٹ ہوئے۔

 جمیز نیشم 10 گیندوں پر ایک چوکے اور دو چھکوں کی مدد سے 26 رنز بنانے کے بعد 18ویں اوور میں کیچ آؤٹ ہوئے۔

انگلینڈ کی اننگز بدھ کو ابو ظبی کے شیخ زاید سٹیڈیم میں نیوزی لینڈ نے ٹاس جیت کر پہلے بولنگ کا فیصلہ کیا تو انگلینڈ نے مقررہ 20 اوررز میں چار وکٹوں کے نقصان پر 166 رنز بنائے۔ انگلینڈ کی جانب سے معین علی 51 رنز کے ساتھ ناقابل شکست رہے جبکہ ڈیوڈ ملان 41 رنز کے ساتھ نمایاں سکورر رہے۔

- اس سے قبل انگلینڈ کی جانب سے جوز بٹلر اور جونی بیئرسٹو نے محتاط انداز میں اننگز کا آغاز کیا تو چھٹے اوور میں ایڈم میلن کی گیند پر جونی بیئرسٹو 13 رنز بنا کر کیچ آؤٹ ہو گئے۔ نویں اوور کی پہلی گیند پر جوز بٹلر ایل بی ڈبلیو آؤٹ ہو گئے۔ بٹلر نے 24 گیندوں میں چار چوکوں کی مدد سے 29 رنز بنائے۔ سولہویں اوور میں ٹم سودھی کی گیند پر ڈیوڈ ملان 41 رنز بنا کر کیچ آؤٹ ہوئے۔ آخری اوور میں لیونگ سٹون 17 رنز بنا کر کیچ آؤٹ ہوئے۔

سیمی فائنل کے لیے انگلینڈ کی ٹیم میں جوز بٹلر ، جونی بیرسٹو ،ڈیوڈ ملان ،ایوئن مورگن، لیام لیونگ سٹون، معین علی،سام بلنگ،کرس وویکس، کرس جورڈن، عادل راشد اور مارک ووڈ شامل ہیں۔

 دوسری جانب نیوزی لینڈ کی ٹیم میں مارٹن گپٹل، ڈیرل مچل، کین ولیمسن، ڈیون کونوے، گلین فلپس، جیمز نیشم، مچل سانٹنر، ایڈم میلن، ٹم سودتھی اور ٹرینٹ بولٹ شامل ہیں۔

انگلینڈ نے ٹی 20 ورلڈ کپ کے گروپ ون میں پہلے چارمیچ جیتنے کے بعد آخر میں جنوبی افریقہ سے شکست کھائی۔

 نیوزی لینڈ کو گروپ ٹو کے پہلے میچ میں پاکستان سے شکست ہوئی لیکن اس کے بعد کے چار میچوں میں وہ فاتح رہی اور اس نے سیمی فائنل کے لیے کوالیفائی کر لیا۔

اس سے قبل دو آئی سی سی میگا ایونٹس میں انگلینڈ کی ٹیم کو نیوزی لینڈ پر برتری حاصل رہی۔ ٹی 20 ورلڈ کپ 2016 کے سیمی فائنل میں نیوزی لینڈ کو انگلینڈ نے شکست دی اور پھر ون ڈے میچ میں بھی انگلینڈ کی ٹیم فاتح رہی۔

 یو اے ای میں جاری ٹی 20 ورلڈ کپ میں اب تک انگلینڈ کی ٹیم کی کارگردگی شاندار رہی ہے۔ انگلینڈ کے بیٹسمین جوز بٹلر پاکستان کے بابر اعظم کے بعد ٹاپ سکوررز میں اس وقت دوسرے نمبر پر ہیں۔

 واضح رہے کہ اس سے قبل انگلینڈ اور نیوزی لینڈ پانچ مرتبہ ایک دوسرے کے مد مقابل آئیں، جن میں سے تین میچ انگلینڈ جبکہ دو نیوزی لینڈ کے نام رہے۔

ٹی 20 ورلڈ کپ کا دوسرا سیمی فائنل جمعرات کو پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان ہو گا۔