ماؤنٹ ایورسٹ: کورونا وائرس کے بڑھتے قدم

Story by  ایم فریدی | Posted by  [email protected] | Date 24-05-2021
جہاں جائیے گا کورونا کا پائیے گا
جہاں جائیے گا کورونا کا پائیے گا

 

 

کاٹھمنڈو:آسٹریا سے تعلق رکھنے والے کوہ پیمائی کے ماہر گائیڈ لوکاس فرٹنبیچ نے کہا ہے کہ ماؤنٹ ایورسٹ پر کورونا وائرس پھیلنے سے کوہ پیما اور مدد گار عملے کے ارکان سمیت کم از کم 100 افراد متاثر ہوئے ہیں۔یہ دنیا کی بلند ترین چوٹی پر کووڈ 19 کی موجودگی کے حوالے سے پہلا جامع بیان ہے۔

خیال رہے نیپال کے سرکاری عہدیداران یہاں پر کورونا وائرس کی موجودگی سے انکار کرتے رہے ہیں۔ آسٹریا کے لوکاس فرٹنبیچ وہ پہلے معروف کوہ پیما گائیڈ ہیں جنہوں نے گزشتہ ہفتے کورونا وائرس کے خدشات کے سبب ایورسٹ کی اپنی مہم روک دی تھی۔انہوں نے کہا ہےکہ ان کے ایک غیر ملکی گائیڈ اور 6نیپالی شرپا گائیڈز کا کورونا ٹیسٹ مثبت آیا ہے۔

لوکاس فرٹنبیچ نے کہا کہ ’میرا خیال ہے کہ اب تک ریسکیو پائلیٹس ، انشورنس عہدیداروں، کوہ پیمائی مہم کے گائیڈز اور ڈاکٹروں سے تمام کیسز کی تصدیق ہوئی ہے۔ میرے پاس پازیٹیو ٹیسٹ رپورٹس ہیں اس لیے ہم یہ ثابت کر سکتے ہیں۔‘انہوں نے کہا کہ ’ہمارے پاس بیس کیمپ میں کم سے کم 100 افراد کورونا پازیٹیو ہیں اور یہ تعداد 150 یا 200 تک ہوسکتی ہے۔‘ انہوں نے کہا کہ یہ بات واضح ہے کہ ایورسٹ بیس کیمپ میں بہت سے کووڈ کیسزموجود تھے۔ ’مجھے دکھائی دے رہا تھا کہ لوگ بیمار ہیں، ان کے خیموں سے کھانسے کی آوازیں صاف سنائی دے رہی تھیں۔‘ رواں سیزن میں مجموعی طور پر 408 غیر ملکی کوہ پیماؤں کو ایورسٹ سر کرنے کے اجازت نامے جاری کئے گئے تھے۔ ان کی مدد کےلیے کئی سو شرپا گائیڈز اور معاون عملہ ماہ اپریل سے بیس کیمپ میں تعینات ہے۔