معین واپسی کو تیار

Story by  ایم فریدی | Posted by  [email protected] | Date 02-06-2022
 معین علی: ٹیسٹ کرکٹ میں واپسی کو تیار
معین علی: ٹیسٹ کرکٹ میں واپسی کو تیار

 

 

لندن:: ٹیسٹ کرکٹر اور آل راؤنڈر معین علی نے کہا ہے کہ وہ برینڈن میک کلم کی کوچنگ میں انگلینڈ کے لیے دوبارہ ٹیسٹ کرکٹ کھیلنے کے لیے تیار ہیں۔ حال ہی میں ’آرڈر آف دی برٹش ایمپائر‘ سے نوازے گئے معین علی نے کہا کہ میک کلم نے نئے کپتان بین سٹوکس کی قیادت میں ٹیسٹ ٹیم میں ممکنہ واپسی کے حوالے سے ان سے بات کی ہے۔

معین علی نے دا گارڈین کو بتایا کہ ’میک کلم نے مجھے میسج پر پوچھا کہ کیا میں ٹیسٹ میں واپسی چاہتا ہوں۔ میں میک کلم کے ساتھ انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) میں کھیل چکا ہوں اور ان کے کام کرنے کے طریقے سے لطف اندوز ہوا ہوں۔‘ انہوں نے مزید کہا کہ ’ہم (میں نے اور میک کلم) نے بات کی اور انہوں نے ممکنہ طور پر مستقبل میں کسی دورے پر میری ٹیم میں شمولیت پر بات کی۔‘

’انہوں نے پوچھا کیا میں دستیاب ہوں گا؟ تو میں نے کہا کہ مجھے اس وقت کال کیجیے گا۔ ہم دیکھیں گے۔ میرے لیے دروازہ کھلا ہے۔‘ 64 ٹیسٹ میچوں میں 195 وکٹیں حاصل کرنے اور 2914 رنز بنانے والے معین علی نے گذشتہ سال ٹیسٹ کرکٹ کو خیرباد کہہ دیا تھا مگر وہ وائٹ بال فارمیٹس میں انگلینڈ ٹیم کا حصہ ہیں۔

ایشز میں ’بدترین‘ شکست کے بعد انگلینڈ نئے کپتان سٹوکس اور کوچ میک کلم کی قیادت میں نئے دور کا آغاز کرے گا۔ معین نے کہا کہ وہ یہ دیکھنے کے منتظر ہیں کہ انگلینڈ کی نئی انتظامیہ کس طرح کام کرتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ’اگرچہ یہ افسوسناک ہے کہ کرس سلور ووڈ ہیڈ کوچ کے طور پر دستبردار ہو گئے اور جو روٹ نے کپتانی چھوڑ دی لیکن جب بھی کوئی نیا باب کھلتا ہے تو یہ ہمیشہ دلچسپ ہوتا ہے۔‘