جدہ میں ہوگا ڈبلیو ڈبلیو ای کا عالمی مقابلہ

Story by  ایم فریدی | Posted by  Shah Imran Hasan | Date 19-02-2022
جدہ  میں ہوگا ڈبلیو ڈبلیو ای کا عالمی مقابلہ
جدہ میں ہوگا ڈبلیو ڈبلیو ای کا عالمی مقابلہ

 

 

جدہ: سعودی عرب میں پہلی بار ورلڈ ریسلنگ انٹرٹینمنٹ (ڈبلیو ڈبلیو ای) ایلیمنیشن چیمبر کا میچ سنیچر کو ہونے جا رہا ہے۔ اس میں ریسلنگ کی دنیا کے بڑے نام شرکت کریں گے۔

یہ مقابلہ مملکت کی جنرل انٹرٹینمنٹ اتھارٹی کی جانب سے جدہ میں منعقد کیا جا رہا ہے۔ جمعے کو عرب نیوز نے کچھ ریسلرز سے ان کی توقعات کے بارے میں بات چیت کی۔ ڈبلیو ڈبلیو ای چیمپیئن بابی لیشلی کچھ ماہر ریسلرز کے خلاف کھیلیں گے، جن میں براک لیزنر، رڈل، تھیوری اور اے جے سٹائلز شامل ہیں۔

بابی لیشلی مملکت میں چوتھی بار ریسلنگ کے مقابلے میں شرکت کر رہے ہیں۔ ’میں مقابلے کے لیے پرجوش ہوں۔ جب بھی ہم یہاں آتے ہیں، لوگوں کو زندہ دل پاتے ہیں۔ یہ دیکھ کر خوشی ہوتی ہے۔ آپ کو معلوم ہے، ہمارے پاس اچھے تماشائی ہیں، ہم میچ اچھے سے کھیلتے ہیں۔ ہم یہاں ریسلنگ کی دنیا کے بہترین کھلاڑی لاتے ہیں۔‘

بل گولڈبرگ کا کہنا تھا وہ مقابلے کے لیے ’بے حد پر جوش ہیں۔‘ ’آپ میچ کے لیے کس چیز کی امید کر رہے ہیں۔ آپ کو امید سے 20 گنا زیادہ مل سکتا ہے۔‘ جب ان سے پوچھا گیا کہ وہ کس کو ہرانے کا ارادہ رکھتے ہیں، ان کا کہنا تھا ’میرا سب سے بڑا مخالف میں خود ہوں۔ اور میں چھ سال سے اس کا مقابلہ کر رہا ہوں، اور میں نے اسے ہرایا ہے۔‘

انہوں نے مزید کہا ’جو بھی میرے سامنے آئے گا وہ تیار رہے۔ مجھے گھنٹی بجنے کا فرق نہیں پڑتا۔‘ رونڈا روسی فورس میں ناؤمی کے ساتھ شرکت کرکے سمیک ڈاؤن ویمنز چیمپیئن شارلٹ فلیئر اور سونیا ڈی ول کا مقابلہ کریں گی۔

شارلٹ فلیئر نے عرب نیوز کو بتایا کہ ’میں سوچ نہیں سکتی کل ڈوم میں موجود ہونا کیسا ہوگا۔ میں نے یہاں کے علاوہ دنیا میں تقریباً ہر جگہ پرفارم کیا ہے۔‘ ڈبلیو ڈبلیو ای ایلیمنیشن چیمبر کے میچ زیادہ تر امریکہ میں ہوتے ہیں۔

سال 2002 میں شروع ہونے کے بعد سے یہ پہلی بار امریکہ سے باہر کسی ملک میں کیے جا رہے ہیں۔ ایلیمنیشن چیمبر کے میچ دنیا بھر میں کافی مشہور ہیں۔ مقابلہ رات آٹھ بجے شروع ہو کر آدھی رات کو ختم ہوگا۔