یہ ٹوپی نہیں ’ماحول دوست‘ فٹبال اسٹیڈیم ہے

Story by  ایم فریدی | Posted by  [email protected] | Date 31-10-2021
یہ ٹوپی نہیں ’ماحول دوست‘ فٹبال اسٹیڈیم ہے
یہ ٹوپی نہیں ’ماحول دوست‘ فٹبال اسٹیڈیم ہے

 

 

دوحہ: گرم صحرا میں کسی چوڑی روایتی ٹوپی کی طرح دکھائی دینے والی یہ چیز دراصل ایک فٹبال اسٹیڈیم ہے جسے 2022 فیفا ورلڈ کپ کےلیے تعمیر کیا گیا ہے جو قطر میں کھیلا جائے گا۔

اس کا نام ’الثمامہ اسٹیڈیم‘ ہے جو قطری دارالحکومت دوحہ سے کچھ دوری پر صحرا میں واقع ہے۔ اس کی تعمیر کچھ دن پہلے ہی مکمل ہوئی ہے جبکہ اسے قطر کے معروف ماہرِ تعمیرات، ابراہیم محمد جیداہ نے ڈیزائن کیا ہے۔

ابراہیم جیداہ کے مطابق، الثمامہ اسٹیڈیم کا منفرد ڈیزائن روایتی قطری ٹوپی ’غافیہ‘ جیسا ہے جو خوبصورت ہونے کے ساتھ ساتھ صحرا کی شدید گرمی سے کھلاڑیوں اور تماشائیوں کو بھی محفوظ رکھتا ہے۔ یہاں فیفا ورلڈ کپ 2022 کے آٹھ میچز ہوں گے جن میں ایک کوارٹر فائنل بھی شامل ہے۔ اسٹیڈیم کی غیرمعمولی طور پر پھیلی ہوئی چھت اس کے بڑے حصے کو دھوپ کی شدت سے محفوظ رکھے گی جبکہ گرمی کو مزید کم رکھنے کےلیے یہاں ٹھنڈے پانی کی پھواروں، پنکھوں اور ایئر کنڈیشنرز تک کا خصوصی انتظام کیا گیا ہے۔

awaz

الثمامہ اسٹیڈیم میں 40 ہزار تماشائیوں کی گنجائش ہے، لیکن یہ صرف اسٹیڈیم نہیں بلکہ اس میں ایک عدد مسجد، بوتیک، ہوٹل اور وسیع مارکیٹ بھی شامل ہے۔

دوسرے بیشتر عرب ممالک کی طرح قطر بھی ایک گرم صحرائی ملک ہے جہاں گرمیوں کے دنوں میں کھلے ماحول کا درجہ حرارت 50 ڈگری سینٹی گریڈ سے بھی زیادہ ہوجاتا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ ان ملکوں میں بجلی کا بڑا حصہ ایئرکنڈیشننگ کے نظاموں پر صرف ہوتا ہے۔

الثمامہ اسٹیڈیم میں مختلف تدابیر اختیار کرتے ہوئے یہ یقینی بنایا گیا ہے کہ کم بجلی کے استعمال سے اسٹیڈیم کا اندرونی درجہ حرارت خاصا کم رکھا جاسکے۔ اسے مزید ’ماحول دوست‘ بنانے کےلیے اس کے قریب ہی شمسی پینلوں کا جال بچھایا گیا ہے جو یہاں پر نصب ایئرکنڈیشننگ نظاموں کےلیے بجلی کی ضرورت پوری کرے گا۔

awaz