آئی پی ایل: ممبئی انڈینز کی جیت

Story by  ایم فریدی | Posted by  [email protected] | Date 05-10-2021
آئی پی ایل
آئی پی ایل

 

 

دبئی : آئی پی ایل فیز 2 میں منگل کو ٹورنامنٹ کا 51 واں میچ ممبئی انڈینز اور راجستھان رائلز کے درمیان کھیلا گیا۔ جہاں ممبئی انڈینز نے یک طرفہ انداز میں میچ 8 وکٹوں سے جیت لیا۔ ممبئی کے پاس صرف 91 رنز کا ہدف تھا جسے ٹیم نے 8.2 اوورز میں 2 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر لیا۔

 جیت کے ساتھ ممبئی کے پلے آف میں جانے کے امکانات اب بھی برقرار ہیں۔ ٹیم کے 13 میچوں میں 12 پوائنٹس ہیں اور روہت اینڈ کمپنی پوائنٹس ٹیبل میں 5 ویں پوزیشن پر پہنچ گئی ہے۔ تاہم راجستھان رائلز اب ٹاپ 4 کی دوڑ سے باہر ہے۔

 اس سیزن میں اب تک چنئی سپر کنگز ، دہلی کیپیٹلز اور رائل چیلنجرز بنگلور کی ٹیمیں پلے آف کے لیے کوالیفائی کر چکی ہیں۔ اس وقت چوتھی پوزیشن کے لیے کے کے آر اور ممبئی کے درمیان مقابلہ ہے۔ نیٹ رن ریٹ کے لحاظ سے ، کولکتہ (+0.294) بہترین پوزیشن میں ہے۔ آج کی جیت کے ساتھ ممبئی کا رن ریٹ (0.048) بہت بہتر ہو گیا ہے۔ ممبئی کو اپنا اگلا میچ حیدرآباد کے خلاف کھیلنا ہے۔ اگر ممبئی ایس آر ایچ کے خلاف جیتتا ہے تو اس کے 14 پوائنٹس ہوں گے۔ اس کے بعد ممبئی کو امید رکھنی ہوگی کہ آر آر نے اپنے اگلے میچ میں کے کے آر کو شکست دی۔ اگر کولکتہ راجستھان کے خلاف جیت درج کرتا ہے تو وہ آسانی سے پلے آف میں پہنچ جائے گا۔

ممبئی کا جارحانہ رویہ

 ہدف کے تعاقب میں ممبئی کی پہلی وکٹ روہت شرما (22) کی شکل میں گری۔ چیتن سکاریہ نے اپنی وکٹ حاصل کی۔ سوریا کمار یادو (13) نے بھی اپنی وکٹ مصطفی الرحمن کو جلد دی۔ لیکن ٹیم نے شروع سے ہی جارحانہ رویہ اپنایا اور میچ بہت آسانی سے جیت لیا۔

 روہت شرما ٹی ٹوئنٹی کرکٹ میں 400 چھکے لگانے والے دنیا کے 7 ویں اور ہندوستان کے پہلے کھلاڑی بن گئے۔ ایشان کشن نے 25 گیندوں میں 50 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی۔ آئی پی ایل میں یہ ان کی 7 ویں ففٹی تھی۔

 رائلز کے لیے ناقص آغاز

 ٹاس ہارنے کے بعد پہلے کھیلتے ہوئے راجستھان رائلز نے بہت خراب آغاز کیا۔ ٹیم نے اپنی پہلی 5 وکٹیں صرف 50 رنز میں کھو دیں۔ 20 اوورز میں ٹیم 9 وکٹوں کے نقصان پر صرف 90 رنز بنا سکی۔ رائلز کا ایک بھی کھلاڑی وکٹ پر کھڑے ہونے کی ہمت نہیں دکھا سکا۔ ایون لیوس (24) ٹاپ اسکورر رہے۔ ممبئی کی جانب سے ناتھن کولٹر نائل نے 4 وکٹیں حاصل کیں۔