آئی پی ایل: کورونا کا خدشہ،دہلی کی پوری ٹیم کورنٹائن

Story by  ایم فریدی | Posted by  Shah Imran Hasan | 1 Years ago
آئی پی ایل: کورونا کا خدشہ،دہلی کی پوری ٹیم  کورنٹائن
آئی پی ایل: کورونا کا خدشہ،دہلی کی پوری ٹیم کورنٹائن

 

 

آواز دی وائس، نئی دہلی

آئی پی ایل 2022 کے سیزن میں ایک بار پھر کورونا کا خطرہ منڈلانے لگا ہے۔ دہلی ٹیم کے فزیو کے بعد مچل مارش کی بھی کورونا رپورٹ مثبت آئی ہے۔ اس کے بعد دہلی کی ٹیم کو پونے جانے سے روک دیا گیا ہے۔

ٹیم کو ممبئی میں ہی کورنٹائن میں رکھا گیا ہے۔ دہلی کو اگلا میچ 20 اپریل کو پنجاب کنگز کے ساتھ پونے میں کھیلنا ہے۔ ذرائع نے کہا کہ اس میچ کے حوالے سے ابھی کوئی فیصلہ نہیں ہوا ہے۔ کرک بز کی رپورٹ کے مطابق فزیو کے بعد غیر ملکی کھلاڑی کا ریپڈ ٹیسٹ مثبت آیا ہے۔

جب کہ 16 اپریل کو، رائل چیلنجرز بنگلور کے ساتھ میچ سے پہلے ہی، دہلی کیپٹلس کے فزیو پیٹرک فرہارٹ کو کورونا مثبت پایا گیا تھا۔ تاہم ان کے علاوہ کسی کھلاڑی کی کورونا رپورٹ مثبت نہیں آئی۔ اس کے بعد 16 اپریل کو دہلی کی ٹیم بنگلور کے خلاف میدان میں اتری۔ اب ایک کھلاڑی بھی مثبت پایا گیا ہے، اس کا نام تاحال سامنے نہیں آیا۔

گزشتہ سال اپریل-مئی میں کھیلے جانے والے آئی پی ایل کے 14ویں سیزن میں 3 دنوں میں 3 ٹیموں کے 4 کھلاڑی، 2 کوچز اور 2 دیگر عملہ کے کورونا سے متاثر ہونے کے بعد آئی پی ایل کو صرف 29 میچوں کے بعد روک دیا گیا تھا۔ بعد ازاں آئی پی ایل کے بقیہ 31 میچز اکتوبر میں متحدہ عرب امارات میں کھیلے گئے۔

سب سے پہلے کولکتہ نائٹ رائیڈرز کے ورون چکرورتی سمیت دو کھلاڑی کورونا کا شکار ہوئے جس کے بعد کولکتہ اور بنگلور کے درمیان ہونے والا میچ ملتوی کر دیا گیا۔ کے کے آر کے میچ کے بعد دہلی کیپٹلس کی پوری ٹیم کو قرنطینہ میں رکھا گیا تھا۔

اس کے بعد چنئی سپر کنگز کے تین ارکان بھی کورونا کی زد میں آگئے جن میں بولنگ کوچ لکشمی پتی بالاجی بھی شامل ہیں۔ اس کے بعد سن رائزرس حیدر آباد کے ردھیمان ساہا بھی کورونا پازیٹیو پائے گئے۔ بعد میں دہلی کیپٹلس کے امیت مشرا بھی مثبت ہو گئے۔ ان کے علاوہ دہلی کے اسٹیڈیم کا کچھ عملہ بھی کورونا پازیٹیو پایا گیا۔ جس کے بعد آئی پی ایل روک دیا گیا۔