فیفا ورلڈکپ :ایک اور اپ سیٹ، بلیجیئم کو شکست، مراکش فاتح

Story by  ایم فریدی | Posted by  [email protected] | Date 27-11-2022
فیفا ورلڈکپ :ایک اور اپ سیٹ، بلیجیئم کو شکست، مراکش فاتح
فیفا ورلڈکپ :ایک اور اپ سیٹ، بلیجیئم کو شکست، مراکش فاتح

 

 

دوحہ: فیفا ورلڈکپ 2022 میں ایک اور اپ سیٹ ہوگیا، اس مرتبہ افریقی ٹیم مراکش نے عالمی نمبر دو بیلجیئم کو شکست دے دی۔ قطر کے الثمامہ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے اس میچ کے لیے بیلجیئم کو فیورٹ قرار دیا جارہا تھا۔

میچ میں بیلجیئم کے کھلاڑیوں نے بھرپور کھیل کا مظاہرہ کیا لیکن مراکش کے کھلاڑی بھی حریف کے گول پر حملے کرتے رہے۔ پہلے ہاف کے اختتام سے ایک منٹ قبل مراکش نے گول تو بنایا تاہم آف سائیڈ کے وجہ سے یہ اسکور قرار نہیں دیا گیا جس کے ساتھ ہی پہلے ہاف کا اختتام 0-0 پر ہوا۔ میچ کے دوسرے ہاف میں بھی دونوں ٹیموں نے روایتی انداز میں کھیل جاری رکھا، لیکن مراکش کو عبد الحميد صابيری نے 73ویں منٹ میں 0-1 کی برتری دلوادی۔

اس کے بعد یورپی ٹیم نے اسکور کو برابر کرنے کی بھرپور کوشش کی تاہم یہ کوششیں اس وقت دم توڑ گئیں جب زكريا ابوخلال نے 90 منٹ کے بعد اضافی وقت میں دوسرا گول بھی بنادیا اور اسی 02 کے اسکور پرمیچ کا اختتام ہوا

فیفا ورلڈکپ 2022 کے میچ میں بیلجیئم کو شکست دینے کے بعد افریقی ٹیم مراکش کے کھلاڑی کی والدہ کے ساتھ جذباتی انداز میں ملنے کی تصویر وائرل ہوگئی۔ قطر میں ہونے والے ورلڈکپ کے میچ میں افریقی ٹیم مراکش نے عالمی نمبر دو بیلجیئم کو شکست دے دی۔

فتح کے بعد ٹیم کے کھلاڑیوں نے مختلف انداز میں جشن منایا، افریقی ٹیم کے کھلاڑی اشرف حکیمی کی والدہ بیٹے کی ٹیم کی کامیابی پر بہت خوش نظر آئیں اور انہوں نے جذباتی انداز میں فٹبالر کے گالوں کو بوسہ دیا۔ جواب میں اشرف حکیمی بھی اپنی والدہ کا ماتھا چومتے نظر آرہے ہیں۔ واضح رہے کہ فٹ بال ورلڈکپ کے میچ میں مراکش نے بیلجیئم کو 0-2 سے شکست دی۔