انگلینڈ: ادھورے آئی پی ایل کی میزبانی کی پیشکش

Story by  ایم فریدی | Posted by  [email protected] | 2 Years ago
کشش کا کمال
کشش کا کمال

 

 

لندن : ہندوستان میں کورونا کے قہر نے آخر کار آئی پی ایل کو روک دیا۔ سنسان میدانوں پر بھی کرکٹ تھم گئی۔لاکھوں اور کروڑوں ڈالر ز کا نقصان ہوسکتا ہے۔ اس دوران ایک اور بڑی خبر آئی ہے ۔انگلینڈ کی کاؤنٹیز نے حال ہی میں ملتوی ہونے والی انڈین پریمیئر لیگ(آئی پی ایل) 2021 کے ایڈیشن کے بقیہ میچز کی میزبانی کی پیشکش کی ہے۔لارڈز کے میریلیبون کرکٹ کلب(ایم سی سی)، سرے اور ورکشائر، اوول اور ایجبسٹن اس گروپ کا حصہ ہیں جنہوں نے انگلش کرکٹ بورڈ کو خط لکھ کر درخواست کی ہے کہ وہ بورڈ آف کنٹرول فار کرکٹ ان انڈیا(بی سی سی آئی) کو آئی پی ایل کی میزبانی کی دعوت دے۔

اس منصوبے کے تحت کہا گیا ہے کہ رواں سال ستمبر کے دوسرے حصے میں دو ہفتے کے اندر ٹورنامنٹ مکمل کر لیا جائے گا۔یہ بھی سمجھا گیا ہے کہ اگر پیشکش تسلیم کی جاتی ہے تو مانچسٹر کے اولڈ ٹریفورڈ گراؤنڈ کو ٹورنامنٹ کے انعقاد کے لیے استعمال کیا جا سکتا ہے۔

ٹورنامنٹ مکمل کرانے کے ساتھ ساتھ کاؤنٹیز نے آئی پی ایل حکام کو اس بات کی یقین دہانی بھی کرائی ہے کہ ٹی20 ورلڈ کپ سے قبل اعلیٰ معیاری کرکٹ کا انعقاد کیا جائے گا اور تازہ وکٹیں بنائی جائیں گی۔ تاہم اس پیشکش سے نظر ایک انگلش کرکٹ بورڈ کے ترجمان نے بتایا کہ ہم بی سی سی آئی سے دوروں اور دیگر امور کے حوالے سے گفتگو کرتے رہتے ہیں اور ایسا کرتے رہیں گے لیکن ہمیں ایسے کوئی اشارے نہیں ملے کہ وہ آئی پی ایل کے انعقاد کے لیے کسی متبادل میزبان کے متلاشی ہیں۔ انگلینڈ سمیت دنیا بھر میں کی ٹیموں کی مصروفیات کو دیکھتے ہوئے آئی پی ایل کا ستمبر میں انعقاد مشکل معلوم ہوتا ہے البتہ انگلش کاؤنٹیز کا ماننا ہے کہ انگلینڈ میں ٹورنامنٹ کے انعقاد کے لیے راہ نکالی جا سکتی ہے۔ واضح رہے کہ گزشتہ سال کورونا وائرس کے سبب آئی پی ایل کے پورے سیزن کا انعقاد متحدہ عرب امارات میں کامیابی سے کیا گیا تھا جبکہ 2009 میں جنوبی افریقہ نے ایونٹ کی میزبانی کی تھی۔ اس سے قبل 2014میں متحدہ عرب امارات نے آدھے آئی پی ایل ٹورنامنٹ کی میزبانی کی تھی۔