انگلینڈ کے کپتان روٹ نے معین علی سے مانگی معافی

Story by  ایم فریدی | Posted by  [email protected] | Date 17-02-2021
ہم کو معافی دیدو ۔۔۔۔۔
ہم کو معافی دیدو ۔۔۔۔۔

 

 

چینئی ۔ ہندوستان اور انگلینڈ کے درمیان رواں ٹیسٹ سیریز جہاں کارکردگی کے اعتبار سے کروٹ بدل رہی ہے وہی انگلینڈ پر جیت کے بعد ہار نے زبردست جھنجھلاہٹ پیدا کردی ہے۔انگلینڈ کی ٹیسٹ ٹیم کے کپتان جو روٹ نے معین علی کی دورے کے دوران وطن واپسی پر اپنے بیان پر ان سے معافی مانگی ہے۔ انڈیا سے دوسرے ٹیسٹ میں شکست کے بعد روٹ نے پریس کانفرنس میں کہا تھا کہ ’معین نے یکطرفہ طور پر ٹور چھوڑ کر جانے کا فیصلہ کیا ہے۔’معین نے گھر جانے کا فیصلہ کیا ہے۔ ظاہر ہے یہ ان کے لئے ایک مشکل دورہ رہا ہے۔ اگر کھلاڑی یہ سمجھتے ہیں کہ انہیں ببل سے باہر جانے کی ضرورت ہے تو ان کے پاس اس کا انتخاب ہوتا ہے۔ معین سے رکنے کے لئے زیادہ نہیں پوچھا گیا اور انہوں نے اس فیصلے کا انتخاب کیا۔‘

کرک انفو کے مطابق جو روٹ نے اس احساس کے بعد کہ انہوں نے غلط بات کہہ دی ہے ۔ ہوٹل واپس جانے کے بعد معین سے بات کی اور انہیں بتایا کہ وہ اپنی بات کو ٹھیک سے بیان نہیں کر سکے اور انہیں ٹیم کے لئے ان کی اہمیت کا بھی بتایا۔روٹ کے بیان کے بعد میڈیا میں بھی ردعمل دیکھنے میں آیا اور کچھ نے معین علی کا دفاع بھی کیا۔ دوسری جانب معین علی نے بھی بات کو سمجھتے ہوئے کپتان کی معافی قبول کر لی ہے اور اچھے انداز میں وطن واپس روانہ ہو گئے ہیں۔وہ اس ماہ کے آخر میں ٹی20 سیریز کے لئےدوبارہ ہندوستان آئیں گے اور ان کے آئی پی ایل کی نیلامی میں منتخب ہونے کے امکانات بھی ہیں۔

تاہم جو روٹ کے بیان کے برعکس حقیقت یہ ہے کہ معین کے دورے میں وقفے کے حوالے سے سلیکٹرز نے کئی ہفتے پہلے فیصلہ کیا تھا۔ٹیم مینجیمنٹ کی پالیسی کے مطابق تمام فارمیٹس میں کھیلنے والے کھلاڑیوں کو دورے کے دوران کسی مقام پر بائیو ببل سے وقفہ دیا جائے گا۔بین سٹوک، بٹلر، سَیم کیرن، جونی بیرسٹو، جوفرا آرچر اور مارک ووڈ اسی طرح وقفے لے چکے ہیں۔ خیال رہے کہ انگلینڈ ٹیم اس وقت طویل دورے پر ہے جہاں ان کے درمیان چار ٹیسٹ میچز پر مشتمل سیریز جاری ہے اور دونوں ٹیمیں ایک ایک میچ جیت چکی ہیں۔ اس کے علاوہ انگلینڈ ٹیم پانچ ٹی20 میچز اور تین ون ڈے میچز بھی کھیلے گی۔