افغانستان کو شکست، ہندوستان پھر سیمی فائنل کی دوڑ میں

Story by  ایم فریدی | Posted by  [email protected] | Date 04-11-2021
افغانستان کو شکست، ہندوستان  پھر سیمی فائنل کی دوڑ میں
افغانستان کو شکست، ہندوستان پھر سیمی فائنل کی دوڑ میں

 

 

ابوظبی :مینز ٹی ٹوئنٹی میچ میں اپنی بقا کی جنگ لڑتی ہندوستانی کرکٹ ٹیم افغانستان کو بڑے مارجن سے شکست دے کر دوبارہ سیمی فائنل کی دوڑ میں شامل ہوگئی۔

ابوظبی میں کھیلے گئے اس میچ میں افغانستان نے ٹاس جیت کر پہلے بولنگ کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔

اوپننگ بیٹسمین روہیت شرما اور کے ایل راہول نے اپنی ٹیم کے لیے 140 رنز کی طویل پارٹنر شپ بنادی، اس کے بعد ریشبھ پنت اور ہاردیک پانڈیا نے برق رفتار بیٹنگ کرتے ہوئے ٹیم کو 200 کا ہندسہ عبور کروادیا۔

روہیت شرما نے 74 اور کے ایل راہول نے 69 رنز کی اننگز کھیلی جبکہ ہاردیک پانڈیا 35 اور ریشبھ پنت 27 رنز بنا کر ناقابلِ شکست رہے۔

 ہندوستانی ٹیم نے صرف 2 وکٹوں کے نقصان پر مقررہ 20 اوورز میں 210 رنز بنائے۔

 افغانستان کی جانب سے کریم جنت اور گلبدین نائب ایک ایک وکٹ لے سکے۔

 بڑے ہدف کے دباؤ میں افغانستان کے بیٹسمین بے بس دکھائی دیے اور وقفے وقفے کے ساتھ اپنی وکٹیں گنواتے رہے۔

 کپتان محمد نبی کے 35 اور آل راؤنڈر کریم جنت کے 42 رنز کے علاوہ کوئی کھلاڑی قابلِ ذکر بیٹنگ نہ کرسکا۔

افغانستان مقررہ 20 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 144 رنز ہی بناسکی۔

 اس فتح کے ساتھ ہی ہندوستان کی پھر سے ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کے سیمی فائنل میں پہنچنے کی امیدیں روشن ہوگئی ہیں جہاں اس نے نہ صرف 2 قیمتی پوائنٹس حاصل کیے بلکہ بھاری مارجن سے افغانستان کو شکست دے کر اپنا رن ریٹ بھی مثبت کرلیا۔

سیمی فائنل کی امیدیں باقی ہیں

اس میچ میں جیت کے ساتھ ہی ہندوستان کو اب اپنے باقی دونوں میچ بھی جیتنے ہوں گے۔

اگر ایسا ہوتا ہے تو ہندوستان کے 6 پوائنٹس ہو جائیں گے۔ اس صورت حال میں سیمی فائنل میں پہنچنے کے لیے ہندوستان کو دوسری ٹیموں کے درمیان ہونے والے میچوں کے نتائج پر انحصار کرنا ہو گا، خاص طور پر نیوزی لینڈ اور افغانستان کے میچ کے۔ہندوستان کو دعا کرنی ہوگی کہ افغانستان کی ٹیم نیوزی لینڈ کو ہرائے۔

ہندوستان اس کے بعد نمیبیا اور اسکاٹ لینڈ کے خلاف بڑے مارجن سے جیت کر اپنے نیٹ رنز کو نیوزی لینڈ اور افغانستان دونوں سے بہتر بنائے گا۔ اس صورتحال میں ہندوستانی ٹیم سیمی فائنل میں پہنچ سکتی ہے۔