مہنگائی کے سبب کرکٹ بھی مہنگا سودا : یونس خان

Story by  ایم فریدی | Posted by  [email protected] | 2 Years ago
مہنگائی کے سبب کرکٹ  بھی  مہنگا سودا : یونس خان
مہنگائی کے سبب کرکٹ بھی مہنگا سودا : یونس خان

 


اسلام آباد : پاکستان میں مہنگائی تمام ریکارڈ توڑ رہی ہے،حالانکہ اس دوران حکومت پاکستان نے پیٹرول کی قیمت میں دس روپئے کی کمی کردی لیکن اس کے باوجود مہنگائی پر اس کا کوئی اثر نہیں بلکہ غیر یقنی کی انتہا ہورہی ہے جس کا ثبوت جمعرات کو ملا جب پاکستان کے سابق کپتان یونس خان نے کہا کہ جب قیمت گھٹی ہے اس کی ڈبل بڑھ جائے گی ۔ساتھ ہی انہوں نے کہا کہ مہنگائی نے نوجوانوں کے لیے کرکٹ کھیلنا بھی مشکل کردیا ہے۔

ٹیسٹ کرکٹ میں پاکستان کے لیے ریکارڈ 10099 رنز اسکور کرنے والے یونس خان کا کہنا ہے کہ اس بات میں کوئی حیرانگی کی بات نہیں کہ حکومت نے پٹرول کی قیمت میں 10 روپے کی کمی کی ہے، 2009ء آئی سی سی ورلڈٹی 20 کے فاتح کپتان کا کہنا تھا کہ ممکن ہے پٹرول کی قیمت میں جلد 20 روپے کا اضافہ کردیا جائے۔

انہوں نے کہا کہ اگر ایسا ہوا تو عوام کو حیران نہیں ہونا چاہیے، کیونکہ ایسا ہی ہوتا رہا ہے، البتہ انہوں نے کہا کہ اس کا یہ مطلب ہرگز نہیں کہ وہ وزیراعظم عمران خان کے خلاف ہیں۔ ’ری بلڈ کراچی‘ کے موضوع پر مقامی ہوٹل میں بطور مہمان خصوصی گفتگو کرتے ہوئے سابق ٹیسٹ کپتان کا کہنا تھا کہ مہنگائی نے لوگوں کی مشکلات میں اضافہ کردیا ہے۔

نوجوانوں کے لیے کرکٹ کھیلنا اب آسان نہیں رہا۔ 44 سال کے یونس خان جنہوں نے پاکستان کے لیے 118 ٹیسٹ 265 ون ڈے اور 25 ٹی20 کھیلے، ان کا کہنا تھا کہ کرکٹ بیٹ 25 ہزار کا ہے، وہ گیند جو ان کے زمانے میں 100 اور 200 روپے کے درمیان مل جایا کرتی تھی۔اب 1500 سے 2000 روپے میں فروخت ہو رہی ہے، اچھے ہیملٹ کی تو بات ہی نا کریں، 30,000 ہزار روپے والے ہیملٹ کی گیند لگنے کے بعد گارنٹی نہیں۔

پاکستان کے لیے 2003ء، 2007ء، 2011ء اور 2015ء آئی سی سی ورلڈکپ کھیلنے والے یونس خان کا کہنا تھا کہ یہ ہماری ذمہ داری ہے کہ ہم اس ملک کے لیے کچھ کریں، اجتماعی حیثیت ہو یا انفرادی صرف کرکٹ نہیں پاکستان میں ہر کھیل کے فروغ میں اپنا کردار ادا کریں۔