اولمپکس پر بھی کورونا کا خطرہ، بین الاقوامی شائقین کی شرکت پر پابندی

Story by  ایم فریدی | Posted by  [email protected] | Date 21-03-2021
اولمپکس میں بین الاقوامی شائقین کی شرکت پر پابندی عائد
اولمپکس میں بین الاقوامی شائقین کی شرکت پر پابندی عائد

 

 

ٹوکیو

کورونا کے تباہ کن اثرات دنیا بھر میں نہ صرف معیشت کی زبوں حالی کی صورت نظر آتے ہیں بلکہ اس مہلک وائرس نے معاشرتی اور نفسیاتی پیچیدگیوں کے ساتھ تفریحی تقاریب کا بھی بیڑا غرق کیا ہے۔ سیاحت اور سینما کے بعد اس فہرست میں اب اقوام عالم کو جوڑنے والے پروگرام اولمپکس کی تقاریب بھی شامل ہو گئیں ہیں۔

جاپان نے کورونا وائرس کے خدشے کے پیش نظر رواں سال منعقد ہونے والے ٹوکیو اولمپکس اور پیرالمپکس میں غیر ملکی شائقین کی شرکت پر پابندی عائد کردی ہے۔ اولمپکس منتظمین کےبیان میں انکشاف کیا گیا ہے کہ بیرون ملک رہنے والے ٹکٹ ہولڈرز کی وضاحت کےلئےجاپانی حکام اس نتیجے پر پہنچے ہیں کہ بین الاقوامی شائقین اولمپکس اور پیرالمپکس کے موقع پر جاپان میں داخل نہیں ہو سکیں گے۔

بیان میں کہا گیا کہ انٹرنیشنل اولمپکس کمیٹی اور انٹرنیشنل پیرالمپکس کمیٹی جاپان کے اس فیصلے کا مکمل احترام کرتے ہوئے اسے تسلیم کرتی ہے۔ جاپانی حکام نے اولمپک اور پیرالمپک کمیٹیوں کو بتایا کہ غیر ملکی شائقین کے ملک میں داخلے کی یقین دہانی کرانا انتہائی مشکل ہے۔ گزشتہ سال شیڈول اولمپکس کو ایک سال ملتوی کردیا گیا تھا اور اب گیمز کا انعقاد 23 جولائی سے ٹوکیو میں کیا جا رہا ہے جبکہ اس کے ایک ماہ بعد 24 اگست سے پیرالمپکس منعقد ہوں گے۔

منتظمین نے کہا کہ جاپان اور دنیا کے دیگر ممالک میں کووڈ-19 کی چیلنجنگ صورتحال، سفری پابندیوں اور وائرس کی نئی طرز کے پھیلاؤ کی وجہ سے ہم یہ فیصلہ لینے پر مجبور ہوئے اور جن لوگوں نے ٹکٹ خرید لیے تھے انہیں رقم واپس کردی جائے گی۔ انٹرنیشنل اولمپکس کمیٹی کے سربراہ تھامس باک نے کہا ہے کہ غیر ملکی شائقین کی شرکت پر پابندی کھیل کے مداحوں کی ایک عظیم قربانی کے طور پر یاد رکھی جائے گی ۔